سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر بصیراحمد خان نے مستحق کسانو ں کو پردھان منتری کسان سمان ندھی سکیم کے تحت مالی فوائد پہنچانے کے لئے وادی کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو مستفیدین کے کھاتوں کو چلانے،جانچ عمل،نیشنل پورٹل پر مستفیدین کے ڈاٹا کی اپ لوڈنگ اورزمروں کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت دی تاکہ سکیم کی عمل آوری کے لئے مستفیدین کی فوری نشاندہی کی جاسکے۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ضلع ترقیاتی کمشنروں اور متعلقہ محکموں کے آفیسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران کیا۔میٹنگ سے خطاب کے دوران صوبائی کمشنر نے کہا کہ سکیم کی عمل آوری کا مقصد مستحق کسانوں کومالی فوائد پہنچانا ہے تاکہ وہ بہتر اور معیاری فصلوں کی پیداوار کویقینی بناسکیں۔انہوںنے افسران کو سکیم کی زمینی سطح پر عمل آوری کیلئے افرادی قوت اورمشینری بروئے کار لانے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر،ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر اوراسسٹنٹ کمشنر کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ ترقیاتی کمشنر نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میںشرکت کی۔