جموں// سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو تنظیمی پروگرام کے انعقاد سے روک دیاگیا۔پی ڈی پی صدر صبح کے وقت جموں پہنچی ۔جموں پہنچنے کے فوراً بعد پی ڈی پی صدر نے ضلع انتظامیہ سے پارٹی کے صدر دفتر گاندھی نگر میں تنظیمی پروگرام کرنے کیلئے رابطہ کیا تاہم انہیں یہ پروگرام نہیں کرنے دیاگیا۔انہوں نے بتایاکہ پولیس نے سابق وزیر اعلیٰ سے کہاکہ وہ کشیدہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنی رہائش گاہ پر چلی جائیں ۔دریں اثناء پارٹی کے ایم ایل سی فردوس ٹاک نے الزام عائد کیاکہ ایس پی جموں سائوتھ ونے کمار نے متعلقہ ایس ایچ او کے ذریعہ ان کی گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور اسے آگ لگانے کی دھمکی دی ۔انہوں نے بتایا’’متعلقہ ایس ایچ او نے اسے روکا اور پھر بد کلامی کی ،جب میں نے اس پر ایس پی سائوتھ جموں سے بات کی تو اس نے مجھے کہاکہ میں پی ڈی پی لیڈران کو ایسے ماحول میںپارٹی دفتر میں پروگرام کرنے کی اجازت نہیں دے سکتااور ہماری پارٹی کے لیڈران کو مسلمان قرار دیا‘‘۔رابطہ کرنے پر ایس پی سائوتھ ونے کمار نے ان الزامات کو مسترد کردیا اور کہاکہ پی ڈی پی لیڈر اسے ذاتی معاملہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ان کاکہناتھا’’آپ نے پورے جموں میں فرقہ وارانہ واقعات کا سناہوگا، لیکن شہر کے جنوب میں، میںنے اس وقت تک مظاہرین کو کامیاب نہیں ہونے دیا،جموں ابل رہاہے ،میں نے پی ڈی پی لیڈر سے یہی درخواست کی کہ ایسے ماحول میں پروگرام کا انعقاد نہ کریں ‘‘۔