جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے فوج ، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی طرف سے پلوامہ کے پنگلنہ گائوں میں تصادم کے دوران ملی ٹنٹوں کو ہلاک کرنے پر سراہنا کی۔ گورنر نے ہلاک شد گان فوجیوں اور پولیس عملے کے کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اِظہار کیا۔گورنر نے بریگیڈئیر ہربیر سنگھ ، کمانڈر 12سیکٹر آر آر اور امیت کمار ڈی آئی جی ساوتھ کشمیر اور اُن کے اہل خانہ کے ساتھ بات چیت کی اور اُن کی خیریت دریافت کی۔اُنہوں نے اِس آپریشن میں زخمی ہوئے افسروںاور جوانوں کی فوری صحتیابی کے لئے دعا کی۔اس سے قبل گورنر نے اپنے صلاح کار وِجے کمار کو سری نگر روانہ کیا تاکہ اس واقعہ میں زخمی ہوئے افراد کے علاج و معالجہ میں کسی بھی قسم کی کسر نہ رہے۔گورنر نے کہاکہ یہ ملک اور فوج و سلامتی فورسز کے اعلیٰ افسروں کے لئے ایک فخر کی بات ہے کہ وہ ملی ٹنٹ مخالف آپریشنوں کی قیادت عمل میںلاتے ہیں ۔گورنر نے بریگیڈئیر ہربیر سنگھ کی اُن کوششوں کو بالخصوص سراہا جس کے تحت اُنہوں نے چھٹی پر جانے کے بجائے اس آپریشن میں حصہ لینے کو ترجیح دی۔