سرینگر // میر واعظ عمر فاروق،بلال غنی لون،شبیر احمد شاہ اور پروفیسر عبدالغنی بٹ سے سیکورٹی واپس لینے کے بعد بدھ کو ریاستی سرکار نے مزید 18علیحدگی پسندوں اور دیگر 155سیاسی افرادسے حفاظتی عملہ واپس لینے کے احکامات صادر کئے ہیں۔محکمہ داخلہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ایسا محسوس کیا گیا کہ ایسے افراد کو سیکورٹی فراہم کرنا خزانہ عامرہ پر بوجھ ہے جسے کسی بہتر کام کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔اسکے علاوہ دیگر 155سیاسی افراد سے بھی سیکورٹی واپس لی گئی ہے، جنہیں سیکورٹی کی ضرورت نہیں ہے۔ان 155افراد کو جان کے خطرے کے پیش نظر سیکورٹی فراہم کی گئی تھی۔ان میں شاہ فیصل اور وحید پرہ بھی شامل ہے۔ترجمان کے مطابق اس اقدام سے ایک ہزار پولیس اہلکار اور 100 گاڑیاں دستیاب ہوگئی ہیں۔