سرینگر// حریت(گ) نے چیئرمین سید علی گیلانی کی سیکورٹی‘‘ واپس لینے کے حوالے سے میڈیا میں آئی اطلاعات پر اپنی شدید برہمی اور حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹ، فریب اور بہتان کی بیساکھیوں پر چلنے والے دہلی کے حکمران اور ان کے مقامی ایجنٹ بڑی ڈھٹائی سے پوری دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں ماہر ہیں۔ حریت نے ایسے بیان کو مضحکہ خیز قرار دے کر یہ بات واضح کردی کہ حکام نے گیلانی کو نہ تو کوئی سیکورٹی فراہم کی ہے اور نا ہی انہوں نے اس کے لیے کبھی کوئی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ حریت نے بھارتی حکومت کی اس کذب بیانی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے حکمران اپنے منہ زور میڈیا کے ذریعے بھارتی عوام کو گمراہ کرنے اور اپنا ووٹ بینک بڑھانے کے لئے اس قسم کے پروپیگنڈے آزماتے رہے ہیں۔ادھرپیپلز پولیٹیکل فرنٹ ترجمان نے کہا ہے کہ چیئرمین محمد مصدق عادل نے سرکار کے اس مفروضے کو سخت الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ یہ بات سب کو معلوم ہے کہ میرے پاس کھبی سرکار کی طرف سے فراہم کی گئی کسی قسم کی کوئی سیکورٹی نہیں تھی اور نہ ہی اس وقت ہے، تعجب ہے کہ اگرآج یہ سیکورٹی واپس لینے کی بات آئی ہے توکہاں سے آئی ۔ عادل نے کہا سرکار نے ایک بار سکیورٹی کی پیشکش کی تھی، جس کو مسترد کیا گیاتھا۔