بانڈی پورہ +گاندربل//سرحدی تحصیل گریز کے کھنڈیاں اور داور بستیوں میں گزشتہ شام برفانی تودے کی زد میں آکر قریب 30 رہائشی مکانات ڈھہ گئے۔ تاہم اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ مقامی آبادی پہلے ہی گھرچھوڑ چکی تھی۔جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت گائوں خالی تھا، کیونکہ لوگوں نے پہلے ہی خطرہ بھانپ لیا تھا۔اس واقعہ میں 22رہائشی مکان،5 دکانیں اور کئی گاوخانہ تباہ زد میں آکر تباہ ہوگئے۔ مقامی شہریوں نے بتایا کہ جمعرات سات بجے کے بعد ہی اچانک پاس والی پہاڑی سے بھاری بھرکم برفانی تودا گر آیا جس کی زد میں درجنوں رہائشی مکانات،دوکانیں اور 3گاوخانہ آگئے۔ جن کے رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں ان میں جاوید احمد سامعون،عبدالرحیم سامعون،طایئب سامعون،غلام رسول لون،جواہر لون،محمد ہلال لون،محمد منور لون،فیاض احمد لون،غلام حسن لون،محمد یوسف لون،عبدالحمید سامعون،غلام قادر لون،محمد اقبال لون،عبدالغفار سامعون،علی محمد لون،مشتاق احمد سامعون،بشیر احمد سامعون،غلام رسول سامعون،محمد سلطان لون،ریاض احمد سامعون،عبداغفار لون،محمد خلیل لون شامل ہیں۔اسکے علاوہ پانچ دوکانیں اور چھ گائوخانہ بھی مکمل طور تباہ ہوگئے ہی۔ریاستی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نذیر احمد گریزی اور پی ڈی پی لیڈر فقیر محمد نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ برفانی تودے کی زد میں جن لوگوں کے مکانات اور دوکانیںآگئے ہیں ان کو فوری طور سرکاری امداد اور ان کی بازآبادکاری کے لئے کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ سینکڑوں نفوس پر مشتمل آبادی کھلے آسمان کے تلے آگئی ہے۔
منڈی میں 14رہائشی مکانوں کو نقصان
بارش سے متعدد سڑکیں بھی تباہ
عشرت حسین بٹ
منڈی//گزشتہ 2روز کی مسلسل بارش سے منڈی کے متعدد علاقوں میں 14سے زائد رہائشی مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا جبکہ کئی سڑکیں بھی تباہ ہوئی ہیں ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بائیلہ میں ایک بھاری پسی گرآنے سے ٹاٹا موبائل گاڑی تباہ ہوگئی جس کی زد میں آکر2افراد لقمہ اجل بنے جبکہ ایک نازک حالت میں زیر علاج ہے ۔ چھمبر علاقے میں چار رہائشی مکان زمین بوس ہوگئے ہیں تاہم اس دوران خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔مقامی سرپنچ محمد الطاف نے بتایاکہ بھاری پسی گرنے کی وجہ سے عبدالسبحان ولد رحمن نائیک،عبدالحفیظ ولد عبدالخالق،منظور احمد ولد عبدالخالق اور سارا بیگم بیوہ عبدالخالق کے رہائشی مکانات زمین بوس ہوگئے البتہ کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔ تحصیلدار منڈی محمد منیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ تحصیل کے دور دراز علاقہ جات میں 9 رہائشی مکانوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ موسمی حالات کی وجہ سے تحصیل کے دور دراز علاقوں کو جانے والی سڑکوں کو بھی کافی حد تک نقصان پہنچا ہے اور منڈی ۔ ساوجیاں سڑک پر جگہ جگہ پسیاں گرآنے کی وجہ سے جمعہ کے روز بعد سہ پہر تک ٹریفک کیلئے بند رہی ۔