سرینگر/سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل علیحدگی پسندوں کے وفاق، مشترکہ مزاحمتی قیادت نے یاسین ملک اور جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر عبدالحمید فیاض کی گرفتار ی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کل یعنی اتوار کو مکمل احتجاجی ہڑتال کی اپیل کی ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے اس طرح کے حربے یہاں کی مزاحمتی قیادت کو اپنے'' جائز مطالبے حق خودارادیت'' کے حصول کی جدوجہد سے باز رکھنے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوسکتے۔
قائدین نے وادی کے طول و عرض میں تحریک پسند کارکنوں اور موقرسیاسی و مذہبی تنظیم جماعت اسلامی کے عہدیداروں اور کارکنوں سمیت 200 سے زیادہ افراد کیخلاف کریک ڈائون اور گرفتاریوں کے مسلسل عمل کو حکمرانوں کی بوکھلاہٹ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا '' اس طرح کی کوششوں کا مقصدعوام میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرکے ان کے جذبہ مزاحمت کو کمزور کرنا ہے تاہم یہاں کے عوام اس طرح کے حربوں کیخلاف پہلے بھی سینہ سپر رہے ہیں اور آئندہ بھی وہ اس طرح کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔''
قائدین نے'' اندھا دھند گرفتاریوں، ظلم و تشدد، شبانہ چھاپوں، ہراسانیوں اور35 اے کیخلاف رچائی جا رہی سازشوں ''کے ردعمل میں کل 24 فروری بروز اتوار کو مکمل احتجاجی ہڑتال کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا'' آج بھی حریت پسند عوام نے از خوداحتجاجی ہڑتال کرکے اپنے جس رد عمل کا اظہار کیا ہے اس سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ عوام 35 اے کیخلاف کسی بھی قسم کی چھیڑ خوانی اور جارحیت کو ہرگز قبول نہیں کریں گے''۔