کپوارہ//لنگیٹ ہندوارہ میں بجلی کی معقول سپلائی دستیاب نہ ہونے کے خلاف لوگو ں نے زور دار احتجاج کیا۔اس دوران سابق ممبر اسمبلی لنگیٹ اور عوامی اتحاد پارٹی کے سر براہ انجینئر رشید نے چھوٹی پورہ میں قائم ایگزیکٹیو انجینئر کے دفتر کو مقفل کیا ۔مقامی لوگو ں کا کہناہے کہناقص بجلی سپلائی سے لوگ اس قدر تنگ آچکے ہیں کہ وہ ترسیلی لائنو ں کو اکھٹا کر کے محکمہ کے سپرد کر نے کا سوچ رہے ہیں ۔لنگیٹ اوردیگرخطے کے لوگو ں نے اگرچہ کئی بار معاملہ محکمہ کی اعلیٰ قیادت سے اٹھایا لیکن انہو ں نے کوئی بھی کاروائی عمل میں نہیں لائی ۔منگل کو درجنو ں علاقوں سے آئے لوگو ں نے عوامی اتحاد پارٹی کے سر براہ انجینئر رشید کی قیادت میں لنگیٹ میں احتجاج کیا اور اس کے بعد لوگو ں کی بھاری تعداد چھوٹی پورہ پہنچ گئی جہا ں انجینئر رشید نے محکمہ پی ڈی ڈی کے ایگزیکٹیو انجینئر کے دفتر کو مقفل کیا ۔لوگو ں نے الزام لگایا کہ موسم سرما کے دوران کبھی بھی لنگیٹ حلقہ انتخاب کے لوگو ں کو مناسب بجلی سپلائی فراہم نہیں کی گئی اور یہ علاقہ شام ہو تے ہیں گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں ۔اس ودران انجینئر رشید نے کہا کہ لوگو ں نے ہر ماہ با ضابطہ طور بجلی فیس بھی ادا کی ہے لیکن اس کے باوجود بھی محکمہ صارفین کو بہتر بجلی سپلائی فراہم کر نے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لنگیٹ انتخابی حلقہ کے متعدد بجلی ٹرانسفارمر خراب ہونے کے بعد محکمہ بجلی کے ہندوارہ ورکشاپ میں پڑے ہیں لیکن اُن کی مرمت عمل میں نہیں لائی جارہی ہے جس کے باعث صارفین کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ حکام کو خبر دار کیا کہ اگر فوری طور خراب ہوئے ٹرانسفار مرو ں کو ٹھیک کر کے نصب نہیں کیا گیا اور بجلی سپلائی بلاخلل فراہم نہیں کی گئی تو صارفین سڑکو ںپر اتر نے کیلئے مجبور ہونگے جس کی ساری ذمہ داری محکمہ پر عائد ہوگی ۔