مینڈھر//گزشتہ رات ہندوستانی جنگی طیاروں کی طرف سے مظفر آباد علاقہ کے بالاکوٹ سیکٹر پر کئے گئے حملے کا نام سنتے ہی مینڈھر کے لوگوں میں خوف پید اہوا اور انہیں ایسا لگاکہ شائد یہ کہیں مینڈھر کا بالاکوٹ علاقہ نہ ہو۔پہلے دھماکے کے ساتھ ہی لوگ گھروں سے باہر آ گئے اور رات بھر انہیں جہازوں اور دھماکوں کی آواز نے سونے نہیں دیا۔ان کی تشویش میں اس لئے بھی اضافہ ہواکیونکہ حملہ میں بالاکوٹ کا نام آیااور پورا دن اسی تحقیقات میں بیت گیاکہ یہ کونسا بالاکوٹ تھا۔تاہم جب یہ معلوم ہوگیاکہ یہ مینڈھر کا نہیں بلکہ مظفر آباد کا بالاکوٹ علاقہ تھا تو ان کی تشویش ختم ہوئی ۔اس دوران خوفزدہ لوگوں نے اپنے بچوں کو سکول بھی نہیں جانے دیا کیونکہ دن بھر یہی افواہیں بازگشت کرتی رہیں کہ کب جنگ چھڑ جائے گی ۔مینڈھر کے لوگوں کاکہناہے کہ جنگ سے گریز کیاجائے کیونکہ وہ اس سے قبل ہوئی جنگوں کے دوران بہت زیادہ نقصان برداشت کرچکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جنگ تباہی کا دوسرا نام ہے اور انہیں امن کی زندگی گزارنے کا موقعہ فراہم کیاجائے۔