مینڈھر// کشیدہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے بالاکوٹ کے لوگوں نے علاقے میں طبی خدمات کی دستیابی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیاہے ۔مقامی لوگوںنے گورنر انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ سب ضلع ہسپتال مینڈھر اور پرائمری ہیلتھ سنٹر دھارگلون میں طبی امداد اور طبی عملہ دستیاب رکھاجائے تاکہ مشکل صورتحال پید اہونے پر علاج کی سہولت مل سکے۔انہوں نے بتایاکہ سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے کیونکہ اس وقت حالات کشیدہ ہیں اور سرحدپر لوگوں کے زخمی ہونے کااندیشہ ہے ۔سابق سرپنچ ماسٹر عنایت اللہ خان،سرپنچ دھراٹی حاجی گلصید خان،سابق سرپنچ شادم خان اورنمبردار بالاکوٹ حاجی ایاز خان نے بتایاکہ مینڈھر کے کسی بھی ہسپتال میں کوئی بھی سپیشلسٹ ڈاکٹر موجود نہیں ہے جو زخمیوں کا علاج کرسکے ۔ انہوں نے کہاکہ بیمارلوگوں کو بھی علاج کی سہولت نہیں مل رہی ہے۔ ان کاکہناتھاکہ بالاکوٹ میں حالات کشیدہ ہیں اور لوگ موت کے سائے تلے زندگی بسر کررہے ہیں، ایسے میں طبی امداد وطبی عملہ دستیاب رکھاناچاہئے ۔ انہوں نے ایمبولینس گاڑیاں بھی دستیاب رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ گورنر انتظامیہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہنگامی سطح پر اقدامات کرے ۔انہوںنے کہاکہ اس سے قبل بھی انہیں بارہا نقصان سے دوچار ہوناپڑاہے اور اب وہ مزید تباہی نہیں سہہ سکتے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ اگرچہ ڈپٹی کمشنر پونچھ نے مینڈھر میں ایک سرجن سپیشلسٹ کی تعیناتی کا یقین دلایاہے لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کیاگیااوراگر صورتحال مزید خراب ہوئی تو ان کی پریشانی بڑھ جائے گی۔