کشمیری نوجوان خود کش کیوں بنا؟، خدشہ تھا انتخابات سے قبل کوئی واقعہ ہوگا:عمران خان
اسلام آباد//پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے خیر سگالی کے طور پر گرفتار کئے گئے بھارتی پائلٹ ابھے نندن کو جمعہ کے روز رہا کرنے کا اعلان کیا ۔ادھر بتایا جاتا ہے کہ عمران خان نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ٹیلیوفونک رابطہ کے لئے بھارت کو پیغام بھیج دیا ہے۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بننے کے بعد بھارت کو امن کا پیغام بھیجا لیکن اچھا جواب نہیں آیا، میں نے کہا تھا کہ بھارت دوستی کی طرف ایک قدم بڑھائے ہم دو قدم بڑھائیں گے لیکن کوئی مثبت ردعمل نہیں آیا۔عمران خان نے کہا کہ موقع ملا تو ہم نے کرتارپور راہداری کھولی تاکہ معاملات آگے بڑھیں، کرتار پور راہداری کھولنے کے باوجود بھی بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھارت میں الیکشن کی وجہ سے جنگی ماحول پیدا کر رکھا ہے، ہمیں خدشہ تھا کہ بھارت میں انتخابات سے پہلے کوئی نہ کوئی واقعہ ہوگا جسے الیکشن میں استعمال کیا جائے گا تاہم پاکستان کو پلوامہ حملے سے ملنا کیا تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے بھارت سے کہا ہمیں ثبوت دیں ہم کارروائی کریں گے تاہم بھارت انتخابات کی وجہ سے بہتر جواب نہیں دے رہا تھا، پلوامہ حملے کے تھوڑی دیر بعد ہی پاکستان پر الزام لگادیا گیا تاہم بھارت نے آج پلوامہ حملے پر ڈوزیئر بھیجا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی ملک اجازت نہیں دیتا کہ اس کی خودمختاری کو چیلنج کیا جائے، میں نے کل شام کوشش کی کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو فون کروں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو صبح 3 بجے پتہ چلا تاہم ہم نے فوری طور پر جوابی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا جب کہ اگلے دن ہم نے صرف یہ دکھانے کیلئے کارروائی کی کہ ہم میں جواب دینے کی بھر پور صلاحیت ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ سارا مسئلہ کشمیر کی وجہ سے ہے، کشمیرمیں اپنی تحریک شروع ہو چکی ہے، 20 سال پہلے ہندوستان گیا تھا، اس وقت کوئی کشمیری لیڈر ہندوستان سے علیحدگی نہیں چاہتے تھے، آج ایک بھی ایسا نہیں، آج سب ہندوستان سے علیحدگی چاہتے ہیں، کیا وجہ ہے کہ 19 سال کا کشمیری نوجوان خودکش بنتا ہے، کیا وجہ ہے کہ کشمیریوں میں موت کا خوف ختم ہو گیا ہے،جو ظلم ہندوستان کر رہا ہے یہ سب اس کی وجہ سے ہے۔ پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ ہندوستان میں ایک بحث کی ضرورت ہے، یہ کشیدگی نہ بھارت کے فائدے میں ہے نہ پاکستان کے، ہم دنیا سے بات کر رہے ہیں کہ کشیدگی کم کرنے کے لئے کردار ادا کرے تاہم ہماری ان کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس ملک کا ہیرو ٹیپو سلطان ہے، نریندر مودی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کسی کو انتہا تک نہ لیکر جائیں، کل رات کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر میزائل حملے کا خطرہ تھا تاہم وہ خطرہ بھی ٹل گیا ،لہٰذا ہندوستان کو کہہ رہا ہوں کہ اس کشیدگی کو آگے نہ لے کر جائیں ورنہ پھر پاکستان جواب دینے پر مجبور ہوگا، جو ہتھیار دونوں کے پاس ہیں اس جانب سوچنا بھی نہیں چاہیے، ہمیں یقین ہے کہ عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے گی۔
ٹیلیفونک رابطہ
پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کا پیغام بھارت کو بھجوا دیا گیاہے۔وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ٹیلیفونک رابطے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں پیغام بھارت بھجوایا گیا ہے۔ٹیلی فونک رابطے کے پیغام پر بھارت کی جانب سے تاحال کوئی جواب نہیں ملا، پاکستان کو بھارتی جواب کا انتظار ہے اور بھارت کے مثبت جواب پر عمران خان نریندر مودی سے ٹیلیفونک گفتگو کریں گے۔
ہندو پاک سے اچھی خبرتنازعہ
جلد ختم ہونے کی اُمید :ٹرمپ
ہنوئی(ویتنام)// ہند پاک کے مابین جاری کشیدگی ختم ہونے کی اطلاع امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ویتنام میں پریس بریفنگ کے دوران دی۔ شمالی کوریا کے صدر کم جونز کیساتھ دو روزہ مذاکرات کے بعد سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کی موجودگی میںپریس کانفرنس کے آغاز میں ہی ڈونالڈٹرمپ نے کہا’’پاکستان اور بھارت سے اچھی خبر آرہی ہے‘‘۔ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورت حال پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے، امید ہے دونوں ممالک کشیدگی کا راستہ نہیں اپنائیں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کئی دہائیوں سے کشیدگی ہے، انسان جانوں کا زیاں ہوا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان بھروسہ کی کمی ہے،امریکہ دونوں کیساتھ رابطے میں ہے اور انہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع جلد ختم ہونے کی امید ہے۔صورت حال میں بہتری کے لیے پْر امید ہیں۔انکا کہنا تھا کہ کشیدگی دور کرنے کیلئے ایک مربوط نظام کو ترجیح دی جانی چاہیے۔انکا کہنا تھا کہ امریکہ اس میں کردار ادا کررہا ہے،امریکی خواہش خطے میں قیام امن کی ہے۔قبل ازیں امریکی صدر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورت حال کو خطے کے امن کے لیے ’خطرناک‘ قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل سے کام لینے اور مزید کشیدگی سے گریز کرنے پر زور دیا تھا۔ ادھردونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لئے پنٹاگون کے دفاعی سیکرٹری پیٹرک شاناہن کئی اہم شخصیات کے ساتھ رابطے میں رہے جن میں اسٹیٹ سیکرٹری مائیک پمپو، قومی سیکورٹی ایڈوائزر جان بولٹن، چیرمین جوائٹ چیف آف اسٹاف جوزف ڈنفورڈ اور مرکزی کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل شامل ہیں۔سیکرٹری پیٹرک شاناہن بھارت اور پاکستان کے درمیان موجودہ پرتنائواور جنگی صورتحال کو کم کرنے کے لیے کام کررہے تھے اور اس دوران انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں مزید کشیدگی کے لیے فوجی کارروائی سے اجتناب کیا جائے۔
سمجھوتہ ایکسپریس کی خدمات ملتوی
یو این آئی
اسلام آباد//پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر جمعرات کو سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین کی خدمات ملتوی کردی۔یہ ٹرین ہفتے میں دو بار پیر اور جمعرات کو لاہور سے اٹاری تک جاتی ہے ۔اس سے قبل بھارت نے کہا تھا کہ کشیدگی کے باوجود ٹرین چلے گی۔پاکستان ریلوے نے کہا کہ ٹرین کی سروس ملتوی کرنے کا فیصلہ سلامتی سے متعلق بڑھتی تشویش کے پیش نظر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لئے کیا گیا ۔ٹرین 16مسافروں کیساتھ صبح آٹھ بجے پاکستان سے روانہ ہونے والی تھی۔ سمجھوتہ ایکسپریس کی سروس اگلی اطلاع آنے تک ملتوی کردی گئی ہے ۔اس سے پہلے ہندوستانی حکومت نے بدھ کو کہا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باوجود ٹرین اپنے طے وقت پر چلے گی۔ٹرین 27مسافروں کے ساتھ دہلی سے وقت پر روانہ ہوئی تھی۔شمالی ریلوے نے کہا،‘‘ہندوستان میں دہلی سے اٹاری تک جانے والی ٹرین بدھ کی رات 11بج کر 20منٹ پر روانہ ہوئی تھی جس میں تین پاکستانی اور 24ہندوستانی شہری سوار تھے ۔’’چھ سلیپر کوچ اور ایس 3 -ٹائر کی ایک کوچ والی یہ ٹرین ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 1971 کی لڑائی کے بعد شملہ سمجھوتے کے تحت 22جولائی 1976کو شروع کی گئی تھی۔
امریکہ نے پائلٹ کو رہا کرکے ہندوستان
کو کشیدگی ختم کرنے پر راضی کیا ؟: عمر
نیوز ڈیسک
سرینگر// امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے خوشگوار خبریں موصول ہورہی ہیں' پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ 'کیا امریکہ نے ہمارے پائلٹ کی رہائی کو یقینی بناکر ہندوستان کو کشیدگی ختم کرنے پر راضی کیا ہے۔ عمر عبداللہ نے امریکی صدر کے بیان پر مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’’چلو امریکہ نے ہمارے پائلٹ کی رہائی کو یقینی بنایا ہے اور اس کے بدلے ہندوستان کو کشیدگی ختم کرنے پر راضی کیا ہے، اس بیان سے میں نے یہی سمجھ لیا ہے‘‘۔ عمر عبداللہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا 'یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ ونگ کمانڈر ابھی نندن واپس اپنے گھر لوٹیں گے۔ میں ان کی آمد کا انتظار کروں گا۔ میں بہت خوش ہوں کہ وزیر اعظم عمران خان نے ان کی رہائی کا اعلان کیا'۔
ابھی نندن کی رہائی عظیم فیصلہ اور مفاہمت کی علامت: محبوبہ مفتی
نیوز ڈیسک
سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک عظیم فیصلہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری نظر میں یہ مفاہمت کی علامت ہے اور حکومت ہندوستان کو اس کا مثبت جواب دینا چاہیے۔ مفتی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا یہ اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا جب پاکستان پہلے سے کشیدگی صورتحال کو مزید کشیدہ بناسکتا تھا، میری نظر میں یہ مفاہمت کی علامت ہے۔ ہماری قیادت کو مثبت جواب دینا چاہیے'۔
پلوامہ حملے کا ڈوزئیر پاکستان کو فراہم: بھارت
کھلے دل سے جائزہ لیا جائیگا: پاکستان
نیوز ڈیسک
اسلام آباد //بھارت کی طر ف سے پلوامہ حملوں سے متعلق ڈوزئیر موصول ہواہے اور اس کا مشاہدہ کیا جائے گا اور اس میں موجود قانونی شواہد کا کھلے دل سے جائزہ لیا جائے گا، ٹھوس اور قابل عمل ثبوت ہوئے تو پاکستان کارروائی کرے گا۔دفتر خارجہ ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بھارت کی جانب سے پلوامہ حملوں سے متعلق ڈوزئیر موصول ہوا ہے اور ڈوزئیر کا مشاہدہ کیا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان اس حوالے سے پہلے ہی واضح اعلان کرچکے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہے تاہم اس میں دہشتگردی کے علاوہ دیگر موضوعات پر بھی بات ہونی چاہیے، بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، ہم پر جب جنگ مسلط کی گئی تو ہم نے جواب دیا، ہم نے پہلے بھی بھارت سے کہا ہے کہ آپ نہ صرف اپنے لیے بلکہ خطہ کے لیے بھی تباہی کے راستہ پر ہیں، موجودہ صورت حال پر اب بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں، اب بی جے پی کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ 22 سیٹوں کے لیے خطے کو جنگ میں دھکیلا جارہا ہے۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ اگر ابھی نندن جیسا واقعہ بھارت میں ہوتا تو صورتحال مختلف ہوتی، بھارت نے اپنے گرفتار پائلٹ کا معاملہ پاکستان سے اٹھایا ہے، اس کے بارے میں پاکستان کی پوزیشن واضح ہے، ابھی نندن محفوظ اور صحت مند ہے، اسے عوام نے پکڑا تھا اور فورسز نے بچایا ہے، اسے جنگی قیدی کا درجہ دینا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج او آئی سی میں جائیں گی تو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شریک نہیں ہوں گے۔
میرواعظ کا خیر مقدم
نیوز ڈیسک
سرینگر//حریت(ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے ائر فورس کے پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے بہتر احساس پیدا ہونے کی امید کی۔میر واعظ عمر فاروق نے سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹر پر تحریر کرتے ہوئے لکھا’’ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے پائلٹ کی رہائی کا خوش آئندہ فیصلہ،امید ہے کہ بہتر احساس پیدا ہو اور جنگ کے بادل چھٹ جائے،اور مسئلہ کشمیر پرامن حل کی طرف پیش رفت کریں۔