سرینگر/شمالی کشمیر کے ہندوارہ میں جمعہ کو جنگجوئوں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی کے مقام پر فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں تین شہری زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مظاہرین نے فورسز پر سنگباری کی جس کے جواب میں فورسز نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے آنسو گیس اور پیلٹ فائرنگ کا سہارا کیا۔
بلاک میڈیکل آفیسرلنگیٹ،ڈاکٹرنذیر احمد نے کہا کہ تین افراد پیلٹ لگنے سے زخمی ہوئے ہیں جنہیں یونیسو کے ہیلتھ سینٹر میں پہنچایا گیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں میں دو کی آنکھوںمیں پیلٹ لگے ہیں جنہیں ہندوارہ منتقل کیا گیا ہے۔
اس سے قبل فورسز اور جنگجوئوں کے مابین معرکہ آرائی میں ضلع کپوارہ میں ،ہندوارہ تحصیل کے باباگنڈ نامی گائوں میں دو جنگجوجاں بحق ہوگئے۔
پانچ گھنٹوں تک چلنے والی یہ معرکہ آرائی اُس وقت شروع ہوئی جب فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے لنگیٹ علاقے میں واقع بابا گنڈ گائوں میں تلاشیاں شروع کیں۔
مقامی ذرائع نے کہا کہ ہندوارہ میں مکمل ہڑتال ہے اور حکام نے انٹرنیٹ سروس معطل کر رکھی ہے۔