بانہال // جموں کے ادہمپور ، کشتواڑ اور رام بن اضلاع میں پیش آئے تین الگ الگ سڑک حادثوں میں 2 خواتین سمیت کم از کم 11 مسافر لقمہ اجل جبکہ 39 مسافر زخمی ہوئے ۔ زخمیوں میں سے ایک درجن کے قریب میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ۔ ادہمپور بس حادثے کے چھ کشمیری مہلوکین کو آبائی گھرروانہ کرنے کی تمام کاوشیں موسم کی خرابی کی وجہ سے ناممکن بن گئیں۔
پہلا حادثہ
پہلا حادثہ جمعہ کی رات جموں سے سرینگر کی طرف آنے والی ایک مسافر بس JK-02BR/5503کو ضلع ادہمپور کے سرنسر (مانسر) علاقے میں اس وقت پیش آیا جب بس ڈرائیور نے جموں بس اڈے سے 40 سے زائد مسافروں کو رات کے اوقات میں ٹریفک کی آمدورفت کیلئے عائد کی گئی پابندیوں کو نظر انداز کرکے ادہمپور تک پہنچنے کیلئے ایک اندورنی پہاڑی راستہ کا استعمال کیا ۔ گاڑی رات بارہ بجے کے قریب شاہراہ سے لڑھک کر نیچے کھائی میں جا گری ،جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت پانچ مسافر موقع پر ہی لقمہ اجل بنے جبکہ ایک زخمی نے جموں کے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ حادثے کی خبر ملتے ہی ادہمپور پولیس مجالتہ پولیس تھانے سے اہلکاروں اور افسروں نے بچاو کارروائیوں کا آغاز کیا اور زخمیوں کو مجالتہ ،ادہمپور کے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا ، جہاں سے12زخمیوں کو میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ،5زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے حادثے میں مرنے والوں کی شناخت منظور احمد ، محمد اقبال برکت ساکنان ضلع شوپیان ، بشیر احمد ، عاسیہ بشیر ساکنان ضلع بانڈی پورہ ،جاوید احمد ساکن ضلع بڈگام اور غلام احمد میر ساکن بارہمولہ کے طور کی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ادہمپور ڈاکٹر گوروندر سنگھ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ لقمہ اجل بنے افراد کی میتوں کو وادی کشمیر میں اپنے گھروں کو روانہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے لیکن موسم کی صورتحال اور شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے کوئی کوشش کامیاب ثابت نہیں ہوئی ۔ ادھرگورنر کے مشیر خورشید احمدگنائی نے ہسپتال جاکر زخمیوں کی عیادت کی اور وہاں موجود لوگوں نے لاشوں کو منتقل کرنے کیلئے طیارے کا انتظام کرنے کی اپیل کی۔تمام لاشیں ضلع ہسپتال ادہمپور کے مردہ خانے میں رکھی گئی ہیں۔
دوسرا و تیسراحادثہ
سنیچر کی صبح ضلع کشتواڑ کے ڈیڈ پیتھ علاقے میں لگ بھگ ساڑھے نو بجے کوچھال سے کشتوار کی طرف آنے والی ایک مسافر وین کو ڈیڈ پیتھ کے مقام پر حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثے میں ایک خاتون سمیت چار افراد لقمہ اجل بنے ۔ کوچھال سے کشتواڑ کی طرف آنے والی یہ گاڑی شاہراہ سے لڑھک کر نیچے کھائی میں جا گری اور دو مسافر موقع پر ہی جبکہ دو نے ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑدیا۔ اس حادثے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے۔ پولیس نے مرنے والوں کی شناخت ایاز احمد شیخ ، جعفر حسین لون ، غلام حسین شیخ اور 13 سالہ لڑکی گلناز بانو ساکنان تحصیل چھاترو ضلع کشتواڑ کے طور کی ہے۔ تیسرا حادثہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رام بن کے ماروگ علاقے میں ایک ٹینکر اور ٹرک کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر کے نتیجے میں پیش ایٓا ۔ اس حادثے میں ٹرک ڈرائیور گردیو سنگھ ساکن سمبل جموں کی موت واقع ہوئی۔