سرینگر // بٹالک سیکٹر لداخ میں برفانی تودے کی زد میں آکر ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا ہے۔ ادھرمحکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر تازہ برف باری ہوئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی بارشیں ہوتی رہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سوموار کی صبح تک وادی میں موسم جوں کا توں رہے گا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بٹالک سیکٹر لداخ میںجمعہ کی صبح ایک برفانی تودا گر آیا، جس کے نتیجے میں نائیک کلدیپ سنگھ شدید زخمی ہوا جو بعد میں فوجی اسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔دریں اثناء سنیچر کو وادی کے میدانی علاقوں میں جہاں تازہ بارشیں ہوئیں وہیں بالائی علاقوں گلمرگ ، پہلگام ، سونہ مرگ کے علاوہ گریز ، اوڑی ،کپوارہ کی پہاڑیوں پر تازہ برف باری ہوئی ہے جس کے سبب اُن علاقوں میں ایک بار پھر دن کے درجہ حرارت میں کمی واقعہ ہوئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سوموار کی صبح سے ہی موسم میں بہتری متوقع ہے۔