جموں//ریاستی انتظامی کونسل کی میٹنگ گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں ریاست میں 15 فروری 2019 سے پردھان منتری شرمیوگی مان دھن سکیم کی عمل آوری کو منظوری دی گئی ۔ مرکزی حکومت نے غیر منظم سیکٹر کیلئے اس بڑی پنشن سکیم کا اعلان 2019 کے عبوری بجٹ میں کیا تھا ۔ سکیم کی بدولت اس سیکٹر کے ورکروں کو اولڈ ایج تحفظ حاصل ہو گا اور مختلف زمروں کے غیر منظم ورکروں کو اس سکیم کے دائرے میں لایا جائے گا ۔ یہ سکیم اُن غیر منظم ورکروں کیلئے عملائی جائے گی جن کی ماہانہ آمدن 15 ہزار روپے سے زائد نہیں ہو گی اور جنہیں اپنے نام پر بنک کھاتہ ہو گا اور وہ آدھار کارڈ بھی رکھتے ہوں َ ۔ 18 سے 40 برس تک کی عمر کے غیر منظم ورکر اس سکیم کے حقدار ہوں گے ۔ سکیم کے تحت 60 برس تک کی عمر کے بعد ورکروں کو انتہائی کم پریمیم پر 3 ہزار روپے ماہانہ کا پنشن حاصل ہو گا ۔ پی ایم ۔ ایس وائی ایم سکیم کو محنت و روز گار کی مرکزی وزارت اور ایل آئی سی کے اشتراک سے عملایا جائے گا ۔ درج کئے گئے ورکر کی وفات کے بعد اُس کی اہلیہ 50 فیصد پنشن حاصل کرنے کی حقدار ہو گی ۔ واضح رہے کہ جموں کشمیر میں دس لاکھ غیر منظم ورکر ہیں جن میں سے 3.60 لاکھ درج کئے گئے ہیں ۔ غیر منظم سیکٹر کے ورکروں میں سے 38 فیصد ورکر 18 سے 40 برس کی عمر کے دائرے میں آتے ہیں اور انہیں اس سکیم کی حد میں لایا جائے گا ۔