دنیا میں ہندستان کا اثر بڑھ رہا ہے :مودی

Kashmir Uzma News Desk
6 Min Read
پٹنہ// وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس پر صرف ‘ کنبہ’ کے مفادات کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ مرکز کی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) حکومت میں جہاں دنیا میں ہندستان کا اثر بڑھ رہا ہے وہیں کانگریس کے دور اقتدار میں ملک کی حکومت کس طرح چلی یہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ۔مسٹر مودی نے یہاں تاریخی گاندھی میدان میں ہلکی بوندہ باندی کے درمیان این ڈی اے کی سنکلپ ریلی کے دوران اپنے خطاب میں جہاں دہشت گردی کے خلاف فوج کی بہادری کا ذکر کیا وہیں سعودی عرب کے شہزادہ محمد بن سلیمان کی حال ہی میں ہوئے ہندستان کے دورہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شہزادہ کو بتایا کہ ہمارا ملک تیزی سے ترقی کررہا ہے اور درمیانی طبقہ کا دائرہ بڑھ رہا ہے ۔ بڑی تعداد میں مسلمان بھائی حج کرنے کے لئے مکہ ۔مدینہ جانا چاہتے ہیں۔ اس لئے ہندستان کا کوٹہ بڑھایا جانا چاہئے ۔ اس پر شہزادہ نے فوراََ ہی ہندستان کے لئے حج کا کوٹہ بڑھا کر دو لاکھ سالانہ کردیا۔وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے شہزادہ کو بتایا کہ روزی روٹی کی تلاش میں سعودی عرب جانے والے ہندستانی غریب طبقہ کے اور ناسمجھ ہوتے ہیں۔ ایسے میں ان سے چھوٹی موٹی غلطیاں ہوجاتی ہیں۔ اس سے ان غریب لوگوں کو سعودی عرب میں سز اکے طورپر جیل ہوجاتی ہے ۔ اس لئے ایسے کام کاجی لوگوں کے مفاد میں سوچے جانے کی ضرورت ہے ۔ اس پر شہزادہ نے ان سے شام تک کا وقت مانگا۔ اس کے بعد راشٹرپتی بھون میں عشائیہ کے دوران شہزادہ سلیمان نے ان کے پاس آکر کہاکہ مٹھائی کھلائیں ۔ پوچھنے پر انہوں نے کہاکہ انکی حکومت نے سعودی عرب کی جیل میں بند  850 ہندستانیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ سعودی عرب کے یہ فیصلے دنیا میں ہندستان کے بڑھتے اثر اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کے مضبوط ہونے کا ثبوت ہیں۔ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ اس سے پہلے کانگریس نے ملک کی حکومت کیسے چلائی۔ انہوں نے کہاکہ صرف اپنے کنبہ کو فائدہ پہنچانے کے لئے سیاست کرنے والوں کے پاس اب مودی کو گالی دینے کے علاوہ کوئی کام نہیں بچا ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ حال ہی میں ابوظہبی میں تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) کی کانفرنس میں ہندستان کو احترام کے ساتھ مدعو کیا گیا اور ہندستان کی بات سنی گئی۔ ایساپچاس برس کے بعد ہوا ہے ۔ اس پر ملک کاہر آدمی فخر محسوس کررہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان پچاس برسوں میں بیشتر وقت ملک میں کانگریس یاان کی ساتھی جماعتوں کی حکومت رہی ہے جو ہندستان کی بلند آوازایسے پلیٹ فارم پر نہیں رکھ سکیں۔ اس کا انہیں جواب دینا چاہئے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ ملک اور بہار کے لوگوں کو ‘چیزوں’ کو باریکی سے دیکھنے اور سمجھنے کی کوشش کرنی چاہئے کہ کیا چل رہا ہے ۔ این ڈی اے اور کانگریس اور ان کی ساتھی جماعتوں کی نیت میں کیا فرق ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ اپنے وطن کو دنیا میں نئی بلندیوں پر پہنچانے کے لئے دن رات ایک کرر ہے ہیں اور راستے بنا رہے ہیں لیکن انکے مخالفین انہیں راستے سے ہٹانے کے لئے سازش رچ رہے ہیں اور جھوٹ بول رہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپوزیشن پر حملہ کرتے ہوئے کہاکہ سرحد پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ہندستانی فضائیہ کے فضائی حملے پر کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتیں ثبوت مانگ کرنہ صرف فوج کا حوصلہ توڑرہی ہیں بلکہ اس معاملہ پر الگ آواز میں بات کرکے پاکستان کو خوش بھی کررہی ہیں، جسے ملک کبھی معاف نہیں کرے گا۔تاریخی گاندھی میدان میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی سنکلپ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہندستان کی اہل فوج دہشت گردی کو کچلنے کے لئے سرحد کے اندر اور سرحد کے پار دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے میں مصروف ہے تو ایسے وقت میں پورے ملک کی آواز ہماری فوج کی حوصلہ افزائی کرنے والی ہونی چاہئے لیکن کانگریس اور ان کے ساتھی ایسا کرنے کے بجائے ایسی باتیں کررہے ہیں جس سے دشمنوں کے چہرے کھل رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب دہشت گردی کی فیکٹری چلانے والوں کے خلاف متحد ہوکر ایک آواز میں بات کرنے کی ضرورت تھی تب دہلی میں 21پارٹیاں مل کر مرکز کی این ڈی اے حکومت کے خلاف مذمتی قرارداد پاس کرنے میں مصروف تھیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ٹی وی پر ان کی باتیں اور ان کی تصاویر دکھائی جارہی تھیں، جس سے وہاں تالیاں بجائی جارہی تھیں ۔ بہار اور پوراملک ان کی اس حرکت کو کبھی معاف نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہندستان کے بہادر جوانوں نے جو ہمت اور بہادری دکھائی ہے اس پر کانگریس اور ان کے ساتھی شبہ کررہے ہیں۔ جس طرح سے سرجیکل اسٹرائک کا ثبوت مانگا تھا اسی طرح اب وہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کا بھی ثبوت مانگ رہے ہیں۔
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *