ناگپور/ ہندوستانی کرکٹ ٹیم ون ڈے میں شاندار فارم کو برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف ناگپور میں منگل کو ہونے والے دوسرے ون ڈے میں جیت کا چوکا لگانے اور سیریز میں 2-0 کی برتری بنانے کے مضبوط ارادے سے اترے گی۔ہندستان نے اس میدان پر آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے کھیلے ہیں اور تینوں میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ ہندستان نے آسٹریلیا کو 2009 میں یہاں 99 رنز سے ، 2013 میں 351 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چھ وکٹ سے اور 2017 میں سات وکٹ سے شکست دی تھی۔ ہندستان اپنے گزشتہ نو ون ڈے میں سے سات میچ جیت چکا ہے اور ناگپور میں کنگارو کے خلاف جیت کے رتھ کو وہ اس میچ میں دوڑانا چاہتے ہیں ۔دوسری طرف آسٹریلیا کو واپسی کرنے کے لئے اس میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے میں 236 رن بنائے تھے جبکہ اس کے اس سے بڑا اسکور بنانے کی ضرورت ہے اگر اسے ہندوستان کی مضبوط بلے بازی کو روکنا ہے ۔ آسٹریلیا نے ہندستان کے چار وکٹ صرف 99 رن پر گرا دیئے تھے لیکن اس کے بعد اس کے بولر کیدار جادھو اور مہندر سنگھ دھونی کو قابو نہیں کر پائے ۔ ہندستان نے یہ مقابلہ چھ وکٹ سے جیت لیا۔ جادھو اور دھونی دونوں نے نصف سنچری بنائی۔ہندستان اس مقابلے میں تقریبا اسی ٹیم کو اتارے گا جس نے حیدرآبادمیں پہلا میچ جیتا تھا۔ ہندستان کی اگر کوئی فکر فی الحال ہے تو وہ ایک بار پھر اوپننگ جوڑی ہے ۔ شکھر دھون کا پہلے میچ میں صفر پر آؤٹ ہونا ٹیم کی فکر میں اضافہ کرتا ہے ۔ روہت شرما اور شکھر سے اننگز کا آغاز کرنے کی امید ہے لیکن دونوں ٹیم کو اچھا آغاز نہیں دے پا رہے ہیں۔شکھر اگر ایک اور میچ میں ناکام رہتے ہیں تو انہیں اپنا مقام لوکیش راہل سے گنوانا پڑ سکتا ہے ۔ اگرچہ اس میچ میں شکھر کو ایک اور موقع ملنا طے ہے ۔ پہلے میچ میں گیند سے ناکام رہے آل راؤنڈر وجے شنکر کو بھی ایک اور موقع مل سکتا ہے ۔ اسپن شعبے میں لیگ اسپنر یجویندر چہل چائنامین بولر کلدیپ یادو کی جگہ لے سکتے ہیں۔آسٹریلیا کی بلے بازی کو شان مارش کی آمد سے مضبوطی مل سکتی ہے ۔ گزشتہ نو ماہ میں آسٹریلیا کے بہترین ون ڈے بلے باز رہے مارش نے دورے میں دیر سے آنے کے بعد ٹریننگ میں جم کر حصہ لیا اور وہ ٹیم میں ایشٹن ٹرنر کی جگہ لے سکتے ہیں جس سے آسٹریلیا کی بلے بازی میں اور گہرائی آئے گی۔ناگپور کی پچ فلیٹ مانی جا رہی ہے اور میچ بڑھنے کے ساتھ یہ سست ہوتی چلی جائے گی۔ ناگپور میں اتوار کی رات کو کچھ بارش ہوئی تھی لیکن میچ کے دوران موسم صاف رہنے کی امید ہے ۔ممکنہ ٹیمیں:ہندستان : شکھر دھون، روہت شرما، وراٹ کوہلی (کپتان)، امباٹي رائیڈو، مہندر سنگھ دھونی (وکٹ کیپر)، کیدار جادھو، وجے شنکر، رویندر جڈیجہ، محمد سمیع، کلدیپ یادو / یجویندر چہل، جسپریت بمراھآسٹریلیا: عثمان خواجہ، آرون فنچ (کپتان)، شان مارش، مارکس اسٹوئنس، پیٹر ہینڈ اسکمب ، گلین میکسویل،ا یلیکس کیری (وکٹ کیپر)، ناتھن کولٹرنائل، پیٹ کمنز، جیسن بھرنڈورف، ایڈم زمپا۔