نئی دہلی/ہندوستانی ٹیم سے باہر رہنے والے آل راؤنڈر سریش رینا نے کہا ہے کہ ہندوستان کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی دنیا کے بہترین فنیشر ہیں اور ورلڈ کپ میں ہندوستان کے مڈل آرڈر میں ان کا ہونا ہندوستانی ٹیم کے لئے اہم ہے ۔انڈین پریمیئر لیگ میں چنئی سپر کنگز کے لئے کھیلنے والے رینا نے کہا، "دھونی کے لئے بہتر ہے کہ وہ پانچویں یا چھٹے نمبر پر بلے بازی کریں۔ انہیں کھیل کی اچھی سمجھ ہے اور ان کے پاس کافی برسوں کا تجربہ ہے ، جب بھی ٹیم کو ضرورت پڑی ہے انہوں نے بہترین اننگ کھیلی ہے اور ٹیم کوجیت دلائی ہے ۔ دھونی جس انداز میں میچ کو فنش کرتے ہیں وہ بے مثال ہے ۔ "ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کے سلسلے میں رینا نے کہا، "میرے خیال سے وراٹ کو تیسرے یا چوتھے نمبر پر بلے بازی کرنی چاہئے ۔اگر ہندوستان کا ٹاپ آرڈر جلد ہی آؤٹ ہو جاتا ہے تو وراٹ ہندوستانی اننگز کو سنبھال سکتے ہیں۔ "رینا نے ساتھ ہی یقین ظاہر کیا کہ میزبان ہونے کے ناطے انگلینڈ کی ٹیم عالمی کپ کی مضبوط دعویدار رہے گی۔ اگرچہ ہندوستان ، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی اس مضبوط دعویدار ہیں۔ہندوستانی آل راؤنڈر سریش رینا نے کہا، "میرے حساب سے متوازن ٹیم عالمی کپ جیتے گی۔ انگلینڈ میں تیز گیند بازوں کو کافی مدد ملتی ہے لیکن ہم نے دیکھا ہے کہ کچھ عرصے سے اسپنروں نے بھی یہاں بہترین کارکردگی کی ہے ۔ "انہوں نے کہا، "گزشتہ سال جب میں نے آئر لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا تو ہمارے اسپن گیند بازوں نے اچھی گیندبازی کی تھی۔ہندوستانی ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی ہیں جو ٹیم کے لئے فائدہ مند ہے اور ہمارے تیزگیندباز ہر ماحول میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ "واضح رہے کہ اس سال 30 مئی سے انگلینڈ میں ہونے والے عالمی کپ سے پہلے رینا کے پاس ورلڈ کپ ٹیم میں شامل ہونے کے لئے سلیکٹروں کا اعتماد جتنے کا آخری موقع ہے ۔آئی پی ایل میں ٹاپ اسکورر رینانے کہا، "میں نے تین چار ہفتے نیٹ پر پریکٹس کی ہے اور سید مشتاق علی ٹرافی میں کھیلنے سے آئی پی ایل سے پہلے میری اچھی پریکٹس ہوئی ہے ۔ ایک ہندوستانی کھلاڑی ہونے کے ناطے میرا کام ہے کہ میں محنت کرکے اپنی بہترین کارکردگی پیش کروں۔