سرینگر/اُتر پردیش کے شہر لکھنو میں دو کشمیری تاجروں پر دائیں بازو سے وابستہ ایک گروپ کے لوگوں نے حملہ کرکے اُنہیں اُتر پردیش سے چلے جانے کی'' ہدایت ''دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ روز پیش آیا جب دو کشمیری تاجروں کو لکھنو میں سر بازار تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
اس واقعے کی ایک ویڈیوبھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ لکھنو کے دالی گنج علاقے میں پیش آیا اور اس میں زعفرانی کرتوں میں ملبوس دو لوگ ڈنڈوں سے کشمیری تاجروں کو پیٹنے لگے۔
اس موقع پر اطلاعات کے مطابق راہ چلتے کئی لوگوں نے مداخلت کرتے ہوئے کشمیریوں کو بچانے کی کوشش کی۔
وائرل ویڈیو میں ایک ایسے ہی شخص کو کہتے ہوئے سنا جارہا ہے''قانون کو اپنے ہاتھوں میں مت لو۔ پولیس کو بلائو''۔
اس ضمن میں میڈیا رپورٹس کے مطابق کیس درج کرلیا گیا ہے اور ایک ملزم ،جس کی پہچان بجرنگ سونکر کے طور ہوئی ہے، کو گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتار شدہ نے' ویشوا ہندو دل' کا صدر ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔