نئی دہلی // بھارتی فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے فوج سے کہا ہے کہ وہ سبھی ’ ممکنات‘ کیلئے تیار رہیں۔اس دوران امریکی سپیشل آپریشنز کمانڈ کے سربراہ بھارت کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے ہیں۔جنرل راوت لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر اگلی چوکیوں کا دورہ کررہے ہیں، جہاں وہ فوج کی آپریشنل تعیناتی اور تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔پاکستان کیساتھ سرحدی کشیدگی کے بیچ جنرل بپن راوت نے فوج سے کہا ہے کہ وہ ’سبھی ممکنات‘ کیلئے ائر فورس سے تال میل کر کے تیار رہیں۔جمعرات کو انہوں نے راجستھان میں بارمیر اور صورت گڑھ سیکڑوں کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ آپریشنل صورتحال، موجودہ سیکورٹی ماحول اور اگلی چوکیوں میں تیاریوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔انکا یہ دورہ اتوار کو لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر اگلی چوکیوں کا دورہ کرنے کی ایک کڑی ہے۔جنرل راوت نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے بھارتی فوج کی صلاحتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔فوج کے ایک ترجمان نے جمعہ کو کہا کہ موجودہ صورتحال میں وہ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل تیار ہے۔ترجمان نے کہا ’’ پچھلے تین ہفتوں میں ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعہ فوج کیخلاف غلط اطلاعات پھیلانے کی منصوبہ بندی میں اضافہ ہوا ہے،تمام فوجی افسران اس سے واقف ہیں،اور تمام افسران دہشت گردی کو پھیلانے والے کے جھوٹ اور انکے عزائم سے واقف ہیں‘‘۔اس دوران ایک اہم پیش رفت کے طور پر امریکی سپیشل آپریشنز کمانڈ کے سرنراہ جنرل رئمنڈ تھامس بھارت کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے ہیں، نے جمعہ کو جنرل راوت کیساتھ ملاقات کی۔دونوں جنرلوں نے علاقائی سیکورٹی ماحول،عالمی سطح پر دہشت گردی،پاکستان کی طرف سے انہیں جاری مدد اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔