تھرپارکر(سندھ)// پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی سپر پاور یا بھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ ہمیں غلام بنا لیں گے، یہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں ہم آخری دم تک لڑیں گے۔تھر پارکر سندھ عمران خان نے کہا کہ نریندر مودی کی سیاست انسانوں کو تقسیم کرنا اور نفرتیں پھیلانا ہے اس لئے پلوامہ کے بعد کشمیریوں کے ساتھ ظلم کیا گیا اور مشتعل ہجوم نے مسلمانوں پر تشدد کیا، الیکشن میں کامیابی کے لئے نریندر مودی نے پاکستان کیخلاف جنگ کا ماحول بنایا، ہم نے بار بار واضح کیا کہ جنگ نہیں چاہتے ہم امن چاہتے ہیں اس لیے بھارتی پائلٹ کو رہا کیا، کسی کو کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اب چاہے بھارت ہو یا کوئی سپر پاور، میں اور قوم آخری گیند تک اپنی آزادی کیلئے لڑیں گے، فوج اور عوام دونوں تیار ہیں، بھارت اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ کچھ کیا تو جوابی کارروائی نہیں ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کسی مسلح گروہ یا کالعدم تنظیموں کو کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،پاکستان کی زمین کو کسی قسم کی دہشتگردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔