پلوامہ//فورسز نے پلوامہ کے مختلف علاقوں میں جنگجوئوں کی موجود گی کی اطلاع کے بعد نصف درجن کے قریب گائوں دیہات کو ایک ہی دن میں وقفے وقفے سے محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشیاں عمل میں لائیں جس دوران لری بل کاکہ پورہ میں محاصرہ شروع ہونے کے ساتھ ہی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں ۔ادھر فورسز نے ضلع پلوامہ کے ہی سامبورہ آلچی باغ علاقے میں دوران شب 6نوجوانوں کو گرفتاری عمل میں لائی جن کو بعد میں پوچھ تاچھ کے بعد رہا کر دیا گیا۔ محاصرے کے دوران کاکہ پورہ کے لرو اور یامن نامی دو گائوں میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد گھروں سے باہر آئی اور فورسزپر پتھراو کرنے لگے جس دوران فورسز نے نوجوانوں کو محاصرے میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے آنسو گیس کے درجنوں گولے داغے جس کے بعد نوجوان منتشر ہوئے۔ اس دوران کسی بھی علاقے سے محاصرے کے دوران کسی کی گرفتاری کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ادھر ضلع پلوامہ کے ہی آلچی باغ سانبورہ علاقے میں فورسز نے شابنہ چھاپے کے دوران سوموار اور منگل کی درمیانی رات کو 6نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ۔تاہم پولیس زرائع نے منگل کی شام دیر گئے بتایا گرفتار شدگان کو پوچھ تاچھ کے بعد رہا کر دیا گیا۔ادھر ضلع میں شبانہ چھاپو ںکے نتیجے میں خوف و دہشت کا ماحول قائم ہے ۔اس دوران بدرو یاری پورہ اورہڈی گام کولگام میں فوج نے تلاشی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو گرفتار کیا ۔تفصیلات کے مطابق کل صبح فوج ،سی آر پی ایف اور پولیس نے بدرو یاری پورہ کو محاصرے میں لیا اور گھر گھر تلاشیاں لیں جس دوران ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا ۔اس دوران ہڈی گام کولگام میں فوج نے گذشتہ شام محاصرہ کیا اور تلاشی لی۔