سرینگر/ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام کو اپنی سرکار منتخب کرنے کا جمہوری حق دیا جانا چاہئے۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ یہاں کے لوگوں کو اسمبلی انتخابات میں اپنے ووٹ کے استعمال کا موقع دیں۔
عمر نے مودی کو مخاطب کرتے ہوئے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا''۔۔۔۔۔مہربانی کرکے ہمیں اپنی حکومت کا انتخاب کرنے کا جمہوری حق دیا جائے''۔
عمر ،مودی کی اُس اپیل پر رد عمل کا اظہار کررہے تھے جس میں اُنہوں نے لوگوں پر زور دیاتھا کہ وہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کے دوران بھاری تعداد میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔
عمر نے مودی کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھاجپا سرکار نے جموں کشمیر کے لوگوں کو اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹ ڈالنے کا موقع نہیں دیا ہے۔
انہوں نے لکھا''پیارے مودی صاحب، یہ اچھا ہے کہ آپ لوگوں سے اپیل کررہے ہیں کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں بھاری تعداد میں حصہ لیں لیکن ساتھ ہی آپ کی حکومت نے جان بوجھ کر جموں کشمیر کے لوگوں کو اسمبلی الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم کردیا ہے''۔
واضح رہے کہ جموں کشمیر میں فی الوقت صدر راج نافذ ہے اور الیکشن کمیشن آف انڈیا نے یہاں اسمبلی انتخابات کرانے کے بارے میں کوئی حتمی تاریخ کا تعین نہیں کیا ہے جس کو لیکر نیشنل کانفرنس سمیت کم و بیش سبھی جماعتیں ناراض ہیں۔