پونچھ +نوشہرہ //ہندوپاک افواج کے درمیان حد متارکہ پر رہی ایک دن کی خاموشی ٹوٹ گئی اور بدھ کو پونچھ اور نوشہرہ سیکٹروں میں فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواجس دوران کوئی جانی نقصان تو نہیںہوا البتہ کئی گولے رہائشی آبادی والے علاقوں اور ٹریڈ سنٹر چکاں داغ باغ کے قریب بھی آ گرے جس سے زبردست خوف پایاگیا۔پونچھ کے گلپور و دیگر سرحدی علاقوں میں صبح 10بجے سے فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جو بعد سہ پہر تک جاری رہا۔اس دوران دونوں ممالک کی افواج نے ایک دوسرے کے خلاف چھوٹے اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیا اور کئی گولے رہائشی آبادی والے علاقوں و ٹریڈ سنٹر چکاں داباغ کے نزدیک بھی پڑے جس سے زبردست خوف پیدا ہواتاہم کسی طرح کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ دو مارٹر شیل ٹریڈ فیسلٹیشن سنٹر کے قریب گرے جہاں دونوں طرف کے ٹرکوں کو ٹھہرایاجاتاہے ۔ تاہم انہوںنے بتایاکہ اس دوران کسی طرح کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیںہوا۔پولیس افسر کے مطابق ٹریڈ سنٹر کے ملازمین کو زیر زمین بنکرمیں منتقل کردیاگیا ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے بتایاکہ دو شیل ٹریڈ سنٹر کے پاس گرے اور حالات کو دیکھتے ہوئے لوگوں کو زیر زمین بنکروں میں منتقل کردیاگیا۔وہیں نوشہرہ کے کڈالی سیکٹر میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان سہ پہر 1بج کر 45منٹ پر فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہواجو 3بجے تک جاری رہا ۔ دریں اثناء ہندوستانی فضائیہ کے 3طیارے نوشہرہ میں اپنی حدود میں گردش کرتے رہے جس نے 26اور27فروری کی یاد دلادی ۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ طیارے صبح سو انو بجے گن گرج کے ساتھ فضامیں دیکھے گئے جس سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور انہیں 26اور27فروری کے واقعات یاد آئے۔