سرینگر//سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے عمرہ پر جانے والے عازمین کیلئے براہ راست طیارہ سروس شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایسو سی ایشن آف حج اینڈ عمرہ کمپنیز نے سرینگر میں کونسلر سہولیاتی مرکز قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ سرینگر میں پریس کانفرنس کے دوران ایسو سی ایشن آف حج اینڈ عمرہ کمپنیزکے صدر شیخ فیروز نے کہا کہ امسال3ماہ میں25سے30ہزار عازمین عمرہ پر مقامی کمپنیوں کی وساطت سے روانہ ہوئے، اور یہ گزشتہ برس کے مقابلے میں ریکارڑ ہے،جبکہ آئندہ برس یہ ہدف50ہزار مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب جب اس تعداد میں ریاست سے عمرہ کی سعادت سے فیض یاب ہونے کیلئے لوگ جاتے ہیں تو سرکار کو چاہئے کہ براہ راست سرینگر ہوائی اڈے سے پروازوں کا ہتمام کریں،تاکہ عازمین کو سہولیت پہنچنے کے علاوہ حج و عمرہ کمپنیوں کو ہو رہے نقصانات سے بھی چھٹکارا حاصل ہو۔ شیخ فیروز نے حالیہ ایام میں نامساعد موسمی صورتحال سے طیاروں کی اڑان منسوخ کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کمپنیوں کو اس سے کافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسو سی ایشن آف حج اینڈ عمرہ ہ کمپنیز کے صدر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نامساعد صورتحال اور موسم کی وجہ سے گزشتہ دنوں جب عازمین عمرہ کو دہلی میں روکنا پڑا،تو ہوٹل مالکان نے3گناہ کرائیوں میں اضافہ کیا،اور اس نقصان سے اسی صورت میں بچا جاسکتا ہے،جب براہ راست سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے پروازیں اڑان بھریں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کمپنیوں کو حج کیلئے صرف600نشستیں فراہم کی جاتی ہیں،تاہم بیرونی کمپنیوں سے تال میل کر کے3سے4ہزار عازمین حج نجی کمپنیوں کی وساطت سے گزشتہ برس سفر حجاز پر روانہ ہوئے اور امسال یہ ہدف7سے8ہزار مقرر کیا گیا ہے۔ شیخ فیروز نے مطالبہ کیا کہ سرینگر میں کونسلر سروس سینٹر قائم کیا جانا چاہے،جس کیلئے فی الوقت دہلی جانا پڑتا ہے۔ تقریب کے دوران الانصار نامی حج و عمرہ کمپنی کو عمرہ کیلئے منظور شدہ ایجنٹ کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ساتھ ہی وادی میں ان ایجنٹوں کی تعداد2پہنچ چکی ہے،اور عنقریب ہی ایک تیسری کمپنی کو بھی اس کی اجازت فراہم ہوگی۔شیخ فیروز نے سفر حجاز پر جانے والے لوگوں سے بھی تعاون کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کھبی کھبار جہازوں میں فنی خرابیاں بھی پیش آتی ہیں،اور ان مواقع پر لوگوں کو ان باریکیوں کو سمجھنا چاہئے۔