جموں// گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے یہاں محکمہ سیاحت کے افسروں کی ایک میٹنگ میں ریاست میں آنے والے سیاحتی سیزن کے لئے تیاریوں کا جائیزہ لیا۔محکمہ کے کام کاج کا جائیزہ لیتے ہوئے صلاحکار نے سیاحوں کو وادی کی سیر کی جانب راغب کرنے کے لئے تشہیری مہم کی تیاریوں کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے ریاست کے تینوں صوبوں کے سیاحتی مقامات کو اُجاگر کرنے پر زور دیا۔میٹنگ کے دوران صلاحکار کو تشہیری منصوبوں اور سیاحتی اعتبار سے اہم اشیا کی مارکیٹنگ کے بارے میں جانکاری دی گئی۔انہیں بتایا گیا کہ سیاحوں کو وادی کی سیر کے لئے راغب کرنے کے لئے تشہیری مہمات تشکیل دی جارہی ہیں۔انہیں مزید بتایا گیا کہ محکمہ سیاحت جموں نے2019 کے لئے سیاحتی کلینڈر بھی جاری کیا ہے۔ناظم سیاحت کشمیر نے بتایا کہ مختلف سیاحتی مقامات کی تشہیر کے لئے دہلی اور ممبئی ہوائی اڈوں میں ایل ای ڈی لائٹیس چلائی جارہی ہیں جبکہ مختلف ریاستوں اور ملیشیا، تھائی لینڈ اور بنگلہ دیش سمیت مختلف مقامات پر روڈ شو بھی منعقد کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے مرکبانوں، شکارہ والوں، رافٹنگ اور دیگر خدمات کے حوالے سے ریٹ لسٹ کے بارے میں بھی صلاحکار کو جانکاری دی۔صلاحکار نے آئی پی ایل میچوں کے دوران کھیل کود سے متعلق چینلوں پر اشتہارات چلانے کے لئے منصوبے داخل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے مختلف سیاحتی مقامات کے بہتر رکھ رکھاؤ اور بیت الخلاؤں کی تعمیر کو یقینی بنانے کے احکامات دیئے۔صلاحکار نے لداخ خطہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹورازم کے لئے تشہیری مہمات کے لئے بجٹ دستیاب رکھنے کے بھی احکامات دیئے۔