سرینگر// انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن میں مقامی بشری حقوق پاسداری جماعت نے جموں کے مختلف جیلوں میں نظر بند قیدیوں سے تبادلہ خیال کرنے کیلئے اجازت طلبی سے متعلق عرضی پیش کی ہے۔ عرضی انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے کمیشن میں پیش کی،جس میں کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ انکی انجمن کو جموں کے کورٹ بلوال،سینٹرل جیل،ہیرانگر،کھٹوعہ جیل ،ڈسڑک جیل جموں اور ادھمپور جیل میں نظر بندوں سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔اونتو کی طرف سے کمیشن میں پیش کی درخواست میں میڈیا رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جموں کے مختلف جیلوں میں نظربندوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں ان قید خانوں میں بنیادی اور لازمی سہولیات فرہم نہیں کی جاتی ہے ۔عرضی میں الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ قیدیوں کو قانون کے تحت حاصل ضروری سہولیات سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔اس سے قبل ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کی ایک ٹیم نے بھی امسال کے اوائل میں جموں کے مختلف جیلوں کا دورہ کیا جس کے دوران قیدیوں کے ساتھ ملاقات پر مبنی جو رپورٹ بار نے پیش کی،اس میںالزام عائد کیا گیاکہ جیل میں نظر بندوں کو طبی و بنیادی سہولیات سے محروم رکھنے کے علاوہ انہیں عدالتوں میں تاریخ شنوائی پر لایا نہیں جاتا ہے،جس کے نتیجے میں ان کے کیسوں کو نپٹانے میں تاخیر ہوتی ہے۔