ملتان//پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی ہے لیکن ابھی خدشات دور نہیں ہوئے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی آئی ہے، ہماری تو پہلے روز سے کشیدگی کم کرنے کی کوشش تھی، کشیدگی کم کرانے کیلئے چین نے کردارادا کیا۔ انکا کہنا تھا ’’ ہمیں جنگ نہیں امن کی جانب بڑھنا ہے‘‘۔انکا کہنا تھا کہ تاہم 19 مئی تک مودی سرکار سے کوئی بعید نہیں ، بھارتی الیکشن تک ہمیں فضائی حدود اور لائن آف کنٹرول پر الرٹ رہنا ہوگا۔شاہ محمود قریشی نے کہا ’’ بھارت کے انتخابات کا عمل 19 مئی تک پایہ تکمیل تک پہنچے گا، مودی سرکار سے کوئی توقع نہیں کہ وہ کوئی قدم اٹھائے، ہمیں اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہوگی‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری کے لئے آئندہ میٹنگ 2 اپریل کو ہوگی، پاک بھارت مشترکہ اعلامیہ کافی عرصے بعد سامنے آیا ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ ساری دنیا نے دیکھا کہ بھارت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ اور پاکستان کا رویہ ذمہ دارانہ تھا جب کہ روس نے پاکستان اور بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے پلیٹ فورم دینے کی تجویز دی اور پاکستان نے روس کی تجویز کی حمایت کی ہے، بھارت کومنانا ان کا کام ہے۔