جموں //نیشنل کا نفرنس سنیئر لیڈر اور سابقہ ریاستی وزیر سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے کہا کہ جموں وکشمیر کی تقدیر بدلنے میں نوجوان طبقہ کا رول کافی اہمیت کا حامل ہے تاہم کچھ مفاد پرست طاقتیں نوجوان طبقہ کو تقسیم کرکے اپنا سیاسی مفاد حاصل کر نا چاہتی ہیں ۔وجے پور اسمبلی حلقہ کے رام گڑھ علا قہ میں پارٹی کے نوجوانوں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست کی تعمیر و ترقی کے علا وہ امن و امان اور ہم آہنگی کو بر قرار رکھنے کیلئے نوجوان طبقہ ایک اہم رول ادا کرسکتے ہیں جبکہ اب وقت آچکا ہے کہ فرقہ پر ست طاقتوں کی پالیسیوں کو ناکام بنانے کیلئے یکجا ہو کر کام کیاجائے تاکہ ریاست کے سیکولر ماحول کو خراب کرنے والوں کو بے نقاب کیا جاسکے ۔این سی لیڈر نے کہاکہ مفاد پرست اور تفریق بازی کی سیاست ریاست جموں وکشمیر میں کامیاب نہیں ہو نے دی جائے گی ۔موصوف نے پی ڈی پی اور بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں نے سابقہ اسمبلی انتخابات کے دوران نوجوانوں طبقہ کیساتھ بلند و بانگ وعدے کئے تھے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد مذکورہ طبقہ کو ہر محاذ پر نظر اندز کر دیا گیا ۔سلاتھیہ نے کہاکہ ریاست کے سرحدی علا قوں میں رہائش پذیر عوام پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے جبکہ ان علا قوں کے بے روز گار نوجوانوں کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ این ڈی اے کی مرکزی حکومت نے کئی مرتبہ سرحدی علا قوں میں رہائش پذیر نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنے کے وعدے کئے تاہم ابھی تک ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا جاسکا ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ وزرات داخلہ ان نوجوانوں کی فوج میں خصوصی بھرتی کیلئے ایک پالیسی اپنائے گی ۔انہوں نے کہاکہ دیگر پارٹیوں کی مفاد پر ست سیاست کے بعد نیشنل کا نفرنس کو ریاستی عوام واحد متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں ۔انہوں نے پارٹی سے وابستہ نوجوان طبقہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ عام لوگوں کیساتھ تال میل میں اضافہ کریں اور ان کو درپیش مسائل کو اجا گر کرنے میں کلیدی رول ادا کریں تاکہ آئندہ انتخابات میں پارٹی ریاستی میں سب سے بڑی سیاسی پارٹی کے طور پر سامنے آسکے۔اس اجلاس میںاین سی ضلع یوتھ صدر ریاض ملک ،ضلع سیکریٹری پرکاش اٹاری ،موہن سنگھ ،اوم پرکاش ،تیجندر سنگھ ،چوہدری ایاز ودیگران بھی موجود تھے ۔