نئی دہلی // متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے اہم رول ادا کیا۔بھارت میں امارات کے ہائی کمشنر احمد البنانہ نے تاہم کہا کہ انکے ملک نے کوئی ثالثی نہیں کی البتہ پلوامہ حملے کے بعد کشیدہ صورتحال دور کرنے کیلئے دونوں ملکوں کیساتھ رابطے رکھے۔انہوں نے کہا کہ امارات کے ولی عہد اور ڈپٹی کمانڈر ان چیف آرمڈ فورسز محمد بن زید النہان نے وزیر اعظم نریندر مودی اور عمران خان کیساتھ ٹیلیفونک بات چیت کی جب دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی انتہا کو پہنچ چکی تھی۔انکا کہنا تھا کہ انکے ملک نے اس موقعہ پر اہم رول ادا کیا۔انکا کہنا تھا کہ ہمارا کام دانشمندانہ طریقے سے سوچنے کیلئے تھا،تاکہ اختلافات کو دور کیا جاسکے، بالکل اسی طرح جس طرح ایران سے متعلق کیا گیا۔انہوں نے او آئی سی اعلامیہ کے بارے میں کہا کہ اس میں کشمیر مسئلے کا کوئی ذکر نہیں ہے۔