سرینگر// بیروہ بڈگام میں جے کے بینک نے ایک ہائی ٹیک اور جدید سہولیات سے لیس نئی برانچ عمارت اور ATMکا افتتاح کیا۔ نئی برانچ عمارت کا ا فتتاح کرتے ہوئے جموں و کشمیر بینک کے ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ عبد الرشید شگن نے کہا کہ جموں و کشمیر بینک ریاست کے لوگوں کی محنت کی کمائی اور اُنکی جمع پونجی کا ایک معتبر ترین امانت دارادارہ ہے نیزریاست کی اقتصادی و سماجی ترقی کا آئینہ ہے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پربینک کے ایگزیکٹیو پریزیڈنٹ کے علاوہ زونل ہیڈ بڈگام سید رئیس مقبول، کلسٹر ہیڈ بڈگام شبیر احمد اور کئی معزز شہری و کاروباری اشخاص اور بینک کے دیگر افسراں بھی موجود تھے۔ اپنے صدارتی خطبے میں ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ نے کہا کہ بیروہ کی مذکورہ برانچ 47سال پرانی برانچ ہے اور سال 1972میں جب اس علاقے میں پہلی مرتبہ جے کے بینک کی یہ برانچ چالو گئی ہے تب یہ اس بینک کی محض 35ویں برانچ تھی۔آج جب ہم اس برانچ کو جدید سہولیات سے لیس اس شاندار عمارت میں منتقل کر رہے ہیں تو جے کے بینک شاخوں کی تعداد 1038 تک پہنچ گئی ہے جن میں 877شاخیں ریاست جموں و کشمیر میں واقع اور سب سے اہم بات یہ کہ ان میں سے بیشتر شاخیں ریاست کے دور دارز اور پسماندہ علاقوں میں قائم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم روز بہ روز ترقی کی جانب گامزن ضرور ہیں لیکن ہمارے اقدام حرفِ آخر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے کے بینک ریاستی لوگوں کا اثاثہ ہے جسکی حفاظت کرنا ہم پر لازم ہے۔ چنانچہ یہ بینک ریاست کے ہر خطے ، ہر طبقے اور ہر شعبے کی ترقی کے در پے ہے اور جہاں ریاست کے قائم تمام مالی اداروں نے رواں مالی برس کے پہلے نو مہینوں میں اکیس ہزار آ ٹھ سو کروڑ روپے کے قرضے فراہم کئے ہیں وہاں اس رقم کا 68فی صد حصہ صرف جموں و کشمیر بینک نے بہم رکھا ہواہے۔ مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے زونل ہیڈ سید رئیس مقبول نے کہا کہ جے کے بینک سماج کے ہر طبقے کیلئے ریاست کے طول و عرض میں بینکنگ سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق پہنچا رہا ہے اور جتنی زیادہ امیدیں لوگوں کو ہم سے وابستہ ہیں ہم اُن امیدوں پر کھرا اُترنے کی اُتنی ہی زیادہ کوششیں کر رہے ہیں۔ کلسٹر ہیڈ شبیر احمد نے اپنے اظہار تشکر میں کہا کہ جے کے بینک بیروہ کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس نئی عمارت وقت کی اہم ضرورت ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ عمارت اس علاقے اور اس بینک شاخ کیلئے نیک شگون لیکر آئے۔ اس سے پہلے علاقائی ڈیولپمنٹ فورم کے صدر حاجی غلام قادر ڈار نے اپنی تقریر میں کہا کہ ریاستی عوام کوجموں و کشمیر بینک پراعتماد اور بھروسہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے لوگ جے کے بینک کے مرہون منت ہیں کہ اس نے اس علاقے کی ترقی میں نہایت اہم رول نبھایا ہے۔ بیروہ ٹریڈرس فیڈریشن کے نمائندے حاجی فاروق احمد وانی نے تقریر کرتے ہوئے کہا علاقے کے لوگ جے کے بینک کی خدمات سے نہایت متاثر ہیں اور پرانی برانچ عمارت سے نکل کر ایک شاندار عمارت میں یہ بینک ترقی کی منزلوں کو مزیدچھوئے گا۔