جموں //کیجول لیبروں ، آنگن واڑی ورکروں ،ہیلپروں ، آشا ورکروں ،کنٹریکچول ورکروں ، ،ایڈہاک و دیگرعارضی ملازمین نے اپنے جائز مطالبات منوانے کے حق میں منگل کے روز یہاںجے اینڈ کے نیشنل ٹریڈ یونین فرنٹ کے بینر تلے صوبائی کمشنر کے دفتر کے باہر ایک زور دار مظاہرہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ کمر توڑ مہنگائی سے متعدد محکموں میں کام کر رہے کیجول لیبروں کو اپنا گُذارہ کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ ٹریڈ یونین کے ریاستی صدر محمد غفور ڈار اور نائب صدر راجند رکمارنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں فرنٹ خاموش تماشائی نہیں بن بیٹھے گا۔ انہوں نے سرکا رکی لیت و لعل کی پالیسیوں کی تنقید کی اور حُکام سے احتجاجی ملازمین کے مطالبات فوری طور حل کرنے پر زور دیا۔ ان مطالبات میںکیجول لیبروں کو باقاعدہ بنانے کےلئے ایس آر او520 لاگو کرنا اور بقایا جات واگزار کرنا ، پی ڈی ڈی محکمہ میں ایس آر او 380لاگو کرنا آئی ٹی آئیز کے ووکیشنل انسٹرکٹروں کو باقاعدہ بنانا اور انکی تنخواہوں میں اضافہ کرنا ، آنگن واڑی ورکروں ،ہیلپروں بشمول آشا ورکروں کے بقایا تنخواہجات واگُذار کرنا اور انہیں بغیر تاخیر کے ترقیاں دینا، الیکشن ڈیوٹی انجام دینے والے ملازمین کی تنخواہ فوری طور سے واگُذار کرنا وغیرہ شامل ہے۔ احتجاج میں مختلف محکموں کے ورکروں نے کافی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین سے خطاب کرنے والوں میںدنیش شرما ، برکت علی، یش پال، بسنت کمار اور سندیپ سنگھ بھی شامل تھے۔