سرینگر /سرینگر پولیس نے بدھ کوصورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں موبائیل چور کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے مالہ مسروقہ برآمد کرکے تحویل میں لے لیا۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ صورہ پولیس کو کئی شکایتیں موصول ہوئیں تھیں کہ سکمز میں موبائیل چور سرگرم ہو گئے ہیں۔
پولیس نے کہا کہ تحقیقات کے دوران ایس ایچ او پولیس اسٹیشن صورہ کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم نے معتبر ذرائع سے اطلاع موصول ہونے کے بعد ایک شخص ،جس کی شناخت اعجاز احمد ڈار ولد غلام محمد ساکنہ ہائیگام سوپور حال وحید پورہ گاندربل کے بطور ہوئی، کی گرفتاری عمل میں لائی ۔
پولیس کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران مذکورہ شخص نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے کہاکہ وہ او پی ڈی ٹکٹ حاصل کرنے کی خاطر قطار میں شامل ہوتا تھا اور اسی دوران بیماروں اور ان کے تیمارداروں کے قیمتی سامان خصوصا موبائیل فونوں پر ہاتھ صاف کیا کرتا تھا۔ پولیس نے سارق کے قبضے سے چرائے گئے 19موبائیل فون برآمد کرکے ضبط کئے۔ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔