سرینگر+بانہال //محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق بدھ کو کئی ایک بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری کے ساتھ بارشیں ہوئیں اور یہ سلسلہ شام دیر گئے تک جاری رہا۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج سے موسم میں بہتری آنے کا امکان ہے ۔سرینگر شہر میں دوپہر کو ایک گھنٹے تک ہلکی برفباری ہوئی جبکہ بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔شوپیان،ہیر پورہ، پہلگام ،قاضی گنڈ ،گلمرگ ،سونہ مرگ میں بھاری برفباری ہوئی جبکہ اننت ناگ ،سرینگر، پلوامہ،اونتی پورہ ،بجبہاڑہ ،ترال،پانپور،وغیرہ علاقوں میں مسلسل بارشیں ہوئیں ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کہا کہ آج سے وادی میں موسم بہتر ہو گا اور اس بیچ کہیں کہیں پہاڑوں پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے ۔ادھرمنگل کی رات سے بانہال اور پیر پنچال کے پہاڑی سلسلے کی چوٹیوں اور بالائی علاقوں میں اس موسم کی ایک اور برفباری ہوئی۔ بانہال کے مہو منگت ، اکھرن وغیرہ میں دو سے تین انچ تازہ برفباری ہوئی جبکہ جواہر ٹنل ، چجنلو ، چنگ مال ، ڈولیگام اور نیل کے پہاڑیوں پر بھی تازہ برفباری ہوئی۔
ادھر پنتھیال کے مقام پر پتھر گرنے کی وجہ سے بدھ کو شاہراہ بند رہی اور جموں سے آنے والی گاڑیوں کو ادہمپور کے نزدیک ہی روک دیا گیا۔بدھ کو دو روز بعد جموں سے وادی کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی تاہم بارشوں کی وجہ سے پنتھیال کے مقام پر بڑی شدت کے ساتھ گرتے پتھروں کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا اور ادہمپور میں سبھی گاڑیوں کو آگے جانے سے روک دیا گیا۔ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پنتھیال کے مقام پر بدھ کی صبح گرتے پتھروں کی وجہ سے شاہراہ کئی گھنٹوں تک ناقابل آمدورفت رہ گئی تاہم بعد میں مسلسل گرتے پتھروں میں ٹھہرائو آنے کے بعد ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا، تاہم گاڑیوں کی آمد و رفت لگاتار جاری نہں رہ سکی۔بدھ کے روز گیارہ بجے تک ادہمپور سے چھوڑے گئے بیشتر ٹریفک نے بانہال سیکٹر کو پار کیا تھا اور پنتھیال کے مقام پر ٹریفک کو وقفے وقفے سے بڑی احتیاط سے آگے بڑھنے کی اجازت دی جارہی تھی۔