کپوارہ //ریاست جموں وکشمیر کو اپنی انفرادیت اور پہچان قائم رکھنے کے لئے متحدد رہنے پر زور دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے لولاب کپوارہ میں کہا کہ فرقہ پرست طاقتیں ریاستی عوام کو خصوصی پوزیشن کے ساتھ ساتھ ان جمہوری اور آئینی حقوق سے مکمل طور پر محروم کرنا چاہتے ہیں جو انہیں370 اور 35اے جیسے دفعات کی بنیاد پر حاصل ہیں۔کپوارہ میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کا نفرنس کے سینئر لیڈراور پارلیمانی امیدوار برائے امیدوار حلقہ انتخاب محمد اکبر لون نے کہا کہ ان کی پارٹی ریاست کی خصوصی پوزیشن کے ساتھ کسی کو بھی چھیڑ کر نے کی اجازت نہیں دے گی ۔انہو ں نے کہا کہ دفعہ 370اور35Aکے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ سے گریز کیا جائے بصورت دیگر نیشنل کا نفرنس کسی بھی مقابلہ کے لئے تیار ہوگی اور ان دفعات کی حفاظت کیلئے اپنی جد و جہد جاری رکھے گی۔انہوں نے پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید نے دفعہ370کو کمزور کر نے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی اور اسی جماعت نے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملاکر ریاست کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا جس کی سزا اب عوام بھگت رہی ہے۔محمد اکبر لون نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے مر کز میں بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لئے کانگریس کے ساتھ اتحاد کیا ہے ۔انہو ں نے کہا ’’ ہم دوستانہ طور الیکشن نہیں لڑیں گے بلکہ دوستانہ طریقے سے الیکشن میں مقابلہ کر کے کانگریس کو شکست سے دو چار کریں گے اور ہماری سیدھی ٹکر کانگریس سے نہیں بلکہ بی جے پی سے ہے‘‘ ۔لون نے جماعت اسلامی کے بعد لبریشن فرنٹ پر عائد پابندی کی مذمت کی ۔انہوں نے کہا کہ پابندی سے کچھ نہیں ہوگا بلکہ انہیں بھی اپنے خیالات کو آگے لے جانے کی اجازت ہو نی چایئے۔اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈران چودھری محمد رمضان ،میر سیف اللہ ،قیصر جمشید لون ،سلام الدین بجاڑ اور شفقت وٹالی نے بھی خطاب کیا ۔