جموں //گورنر کے مشیروں کے وجے کمار اور خورشید احمد گنائی نے بچوں کیلئے ایک صحت مند ماحول کو تیار کرنے کیلئے کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر زور دیا ہے ۔ مشیروں نے اس بات کا اظہار جموں یونیورسٹی کی گراؤنڈ میں سمگرہ سکھشا اور سٹیٹ سپورٹس کونسل کے اہتمام سے بچوں کیلئے منعقد کی گئی میراتھان کا افتتاح کرنے کے بعد کہی ۔ میراتھان کے انعقاد میں جموں یونیورسٹی کے علاوہ ایک نجی سکول اور ریڈیو مرچی نے اپنا اشتراک دیا تھا ۔ بچوں کیلئے اس میراتھان میں دس سال تک کی عمر کے بچوں نے دو زمروں میں حصہ لیا ۔ اس میراتھان میں تقریباً 2 ہزار بچوں نے شرکت کی ۔ افتتاحی رسم کے موقعہ پر ریاستی پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ ، جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ایم کے دھر ، امور نوجوان و کھیل کود کے سیکرٹری سرمد حفیظ ، ناظمِ تعلیم جموں انورادھا گپتا اور دیگر کئی عہدیدار موجود تھے ۔ اس موقعہ پر موجود لوگوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے مشیروں نے سمگرہ سکھشا کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کہ سرگرمیوں سے بچوں کے خلاف تشدد پر روک لگانے کیلئے جانکاری عام کرنے میں مدد ملے گی ۔ سمگرہ سکھشا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ارون منہاس نے بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو جسمانی اور جنسی تشدد سے محفوظ رکھنے کیلئے کئی پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن کے ذریعے اس سلسلے میں جانکاری عام کی جا رہی ہے ۔ پروگرام کے دوران چیف لرننگ افسر اکھلا منگوترہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ اس دوران ایک نجی سکول کے طالب علموں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کر کے حاضرین کو محظوظ کیا ۔ ڈی جی ایم انڈین آئیل راجیش یادو اور ریڈیو مرچی کے سٹیشن سربراہ سمت ککر کے علاوہ اس موقعہ پر طالب علموں، والدین اور اساتذہ کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔