سرینگر//سرکاری مواصلاتی کمپنی بی ایس این ایل میں ٹاوروں کی رکھوالی کرنے والے ملازمین اور ان ٹاوروں کیلئے جگہ فراہم کرنے والوں کو گزشتہ8ماہ سے تنخواہوں اور کرائیوں سے محروم رکھنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے امن،یکسانیت اور انصاف تحریک نے فوری طور پر واجب الادا رقومات ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے جموں کشمیر میں بی ایس این منتظمین پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان ٹاوروں کی نگہبانی کرنے والے ملازمین کی تنخواہیں مستقبل میںماہوار بنیادوں پرواگزار کریں۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا یہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی کی بہتر ا نتظامیہ اور ڈیجٹل انڈیا ہے،جہاں پر غریب چوکیدار ملازمین کی تنخواہیں8ماہ سے واگزار نہیں کی گئی،اور نا ہی ان ٹائوروں کیلئے جگہ فراہم کرنے والے مالکان کو کرایہ فرہم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں کوئی بھی ایسا افسر سامنے نہیں آرہا ہے،جو ان ملازمین اور مالکان کے مسائل کا ازالہ کر سکے۔ ممبران نے بی ایس این ایل کے چیف جنرل منیجر،پرنسپل جنرل منیجر موبائلز،جموں کشمیر سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر اس سلسلے میں مداخلت کریں اور ملازمین و مالکان کے مسائل کا ازالہ کر یں۔