نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کے مغربی بنگال کی دارجلنگ لوک سبھا سیٹ سے امیدوار راجو بشٹ نے مرکزی وزیر اور دارجلنگ کے موجودہ رکن پارلیمنٹ ایس ایس آہلووالیا سے کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے پہلے ملاقات کی۔ مسٹر آہلووالیا نے مسٹر بشٹ کو ٹویٹ کرکے مبارکباد دی۔انہوں نے کہا،‘‘میرا آشرواد اور دعائیں ہمیشہ آپ کے اور دارجلنگ کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔’’ واضح رہے کہ اتوار کو بی جے پی نے دارجلنگ سیٹ سے اپنا امیدوار بدل دیاتھا۔بی جے پی نے وہاں سے مسٹر آہلووالیا کی جگہ مسٹر بشٹ کو امیدوار بنایا ہے ۔ دارجلنگ سیٹ پر امیدوار بدلنے کا فیصلہ بی جے پی کے مغربی بنگال کے انچارج کیلاش وجے ورگئے اور گورکھا جن مکتی مورچہ(جی جے ایم)اور گورکھا لبریشن فرنٹ(جی ایل ایف)کی ملاقات کے بعد کیا گیا ہے ۔بی جے پی نے جی جے ایم اور جی ایل ایف سے بی جے پی امیدوار کی حمایت کرنے کی اپیل کی تھی۔ میٹنگ میں جی جے ایم کے کارگزار صدر ڈاکٹر لاپساگ یوما اور جی ایل ایف کے ترجمان نیرج جمبا شامل تھے ۔میٹنگ کے بعد جی جے ایم اور جی ایل ایف کے لیڈروں نے کہا کہ تینوں پارٹیوں نے مل کر بڑے فرق سے بی جے پی امیدوار کی جیت کو یقینی بنائے گی اور پارٹی مسلسل تیسری بار یہاں سے جیت حاصل کرے گی۔ سال 2009 میں بی جے پی کے اپنے سینئر لیڈر جسونت سنگھ کو یہاں سے امیدوار بنایا گیا تھا اور انہوں نے یہاں سے جیت حاصل کی تھی جبکہ 2014 میں بی جے پی نے آہلووالیا کو اس سیٹ سے اتارا۔مسٹر آہلووالیا نے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی)کے امیدوار ہندوستانی فٹ بال ٹیم کے سابق کھلاڑی بائی چنگ بھوٹیا کو 197239ووٹوں کے فرق سے ہرایا تھا۔ دارجلنگ سے ٹکٹ نہ ملنے کے بعد مسٹر آہلووالیا نے بیان جاری کرکے کہا کہ انہوں نے پارٹی سے اپیل کی ہے کہ پارٹی جہاں سے چاہے وہاں سے انہیں الیکشن میں کھڑا کرسکتی ہے وہ ہر طرح سے تیار ہیں۔