شوپیان// شوپیان کے آرہ ہامہ بستی میں شبانہ کارروائیوں کے دوران 2سرکاری ملازمین سمیت 7افراد گرفتار کئے گئے۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کو رتنی پورہ شوپیان میں مسلح تصادم آرائی میں آرہ ہامہ کا ایک جنگجو جاں بحق ہوا تھا، جس کیخلاف مقامی لوگوں نے شوپیان سرینگر شاہراہ پر رکاوٹین کھڑا کیں اور بعد میں یہاں نوجوانوں اور پولیس میں پتھرائو جھڑپیں بھی ہوئیں تھیں۔اتوار اور سوموار کی درمیانی شب پولیس و فورسز اہلکاروں نے کئی مکانوں پر چھاپے مارے اور 7افراد کو گرفتار کر کے اپنے ساتھ لے کر کیمپوں میں بند کر دیا۔جن افراد کو حراست میں لیا گیا ان میںمحکمہ صحت کا ملازم 29سالہ محمد اسحاق ایتو ولد محمد احسن،محکمہ مال کا ملازم 49سالہ فیاض احمد میر ولد محمد احسن، 34سالہ دکاندار معراج الدین میر ولد غلام قادر، 24سالہ دکاندار ارشد احمد لون ولد عبدالجبار،25 سالہ ایم اے طالب علم شبیر احمد کلے ولد عبدالرشید،55سالہ ٹیلر ماسٹر غلام نبی میر ولد غلام قادر،20سالہ ڈرائیور عرفان احمد ایتو ولد عبدالرشید شامل ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان سبھی کو سنگباری کے الزامات میں ملوث ہونے کی غرض سے پوچھ تاچھ کیلئے اٹھایا گیا ہے۔