محبوبہ مفتی نے نوجوانوں کو قبروں میں لیٹا دیا
بھاجپا نے مرکز میں بیڑا غرق کردیا، ریاست میں پی ڈی پی کیساتھ مل کرتباہی مچادی:عمر
بارہمولہ// نیشنل کانفرنس نائب صدعمر عبداللہ نے کہا ہے کہ پچھلے 5سال کے دوران بھاجپا کی حکومت نے ملک کا بیڑا غرق کیا اور یہاں پی ڈی پی کیساتھ مل کر تباہی اور بربادی مچادی۔خواجہ باغ بارہمولہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے کتنے نوجوان مارے گئے، کتنے نوجوان ملی ٹنٹ بنے۔ گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ یہاں تک کہ نوکری پیشہ نوجوانوں نے مجبور ہوکر بندوق اُٹھائی،محبوبہ جی !جن نوجوانوں کو ہم روشنی کی کرن دکھانا چاہتے تھے اُن کو آپ نے قبروں میں لیٹا دیا، پچھلے 5سال کا حساب کتاب دیکھئے، ہم نے کیا کھویا کیا پایا۔‘‘ عمر عبداللہ نے کہا کہ قلم دوات اور سیب کے نشان والے بھاجپا کے قریبی ہیں اور گذشتہ4سال میں ہوئی تباہی اور برداری میں برابر شریک ہیں۔انہوں نے کہاکہ ’’ جو لوگ ٹی وی چینلوں پر بیٹھ کر جنگ کی باتیں کرتے ہیں اُن کو خمیازہ نہیں بھگتنا پڑتا، اُن کے گھروں کے اوپر اُس ملک کے جہاز نہیںجاتے، وہ سرحد کے قریب نہیں رہتے، گولہ باری سے اُن کے گھر تباہ نہیں ہوتے‘‘۔ نائب صدر نے کہا کہ میں حیران ہوتا ہوں جب محبوبہ مفتی کہتی ہیں کہ پی ڈی پی والے خصوصی پوزیشن کو بچائیں گے، ’’محبوبہ جی !گذشتہ4سال کے دوران آپ نے تو خصوصی پوزیشن کی دھجیاں اُڑا دیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ’’پی ڈی پی حکومت نے یہاں جی ایس ٹی کا اطلاق عمل میں لایا۔عمر عبداللہ نے محبوبہ مفتی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ خصوصی پوزیشن کی کیا رکھوالی کریں گی؟ آپ تو ہمارے جھنڈے کو نہیں بچا پائے، آپ کی حکومت آتے ہی ایک حکمنامہ نکلا کہ ہر سرکاری ادارے پر ریاست کا جھنڈا ہونا چاہئے لیکن 2دن کے اندر اندر اُس آرڈر کو کالعدم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ’’میرے ساتھی بشارت بخاری نے بحیثیت وزیر قانون محبوبہ مفتی کو ایک فائل سونپی اور جس میں نقلی سٹیٹ سبجیکٹ کو منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی تھی، محبوبہ مفتی بتائیں کہ انہوں نے اُس فائل کا کیا کیا؟ ۔انہوں نے کہا کہ میں نے پہلی بار دیکھا کہ یوم پاکستان کے موقعے پر نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کے باہر پولیس اہلکار لوگوں کو باہر روک رہے تھے اور انہیں اندر نہ جانے کیلئے کہہ رہے تھے۔ یہ سب کچھ اُنہی لوگوں کی ایما پر ہورہا تھا جو چاہتے ہیںکہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہونے کے بجائے اور زیادہ بگڑ جائیں‘‘۔