اننت ناگ// پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر پولیس لوک سبھا انتخابات کے دوران کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے ،کہری بل مٹن میں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس لوک سبھا انتخابات کے پُر امن انعقاد کے لئے پُر عزم ہے۔انہوں مزید کہا کہ ریاست میں امن امان کی صورتحال کو خراب کرنے کیلئے سرحد پار سے ہمیشہ کوششیں کی جاتی ہیں لیکن اُن کوششوں کو نا کام بنانا ہمارا فرض ہے اور جموں و کشمیر پولیس اپنا فرض بخوبی نبھا رہی ہے۔ انہوں نے افسران اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ آنے والے انتخابات کو احسن طریقے سے کرانے کیلئے ہر ممکن سیکورٹی انتظامات کو بروئے کار لائے۔ پولیس درباروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے افسران پر زور دیا کہ وہ عام لوگوں کے ساتھ ہمدردانہ سلوک اختیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کام ہے کہ جرائم پیشہ افراد کے ساتھ سختی کے ساتھ پیش آنا تاکہ عام لوگوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔