سرینگر/بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری رام مادھو نے بدھ کو کہا کہ اُن کی پارٹی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو واضح طور پر بتایا ہے کہ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات جلد سے جلد منعقد کرائے جائیں۔
رام مادھو ،جو بھاجپا میں ریاستی امور بھی دیکھتے ہیں، نے علاقائی پارٹیوں، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی پر برستے ہوئے کہا کہ مذکورہ پارٹیاں لوک سبھا انتخابات کے انعقاد سے ہی خوش ہیںجبکہ بھاجپا اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کے بھی حق میں ہے۔
انہوں نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا''نیشنل اور پی ڈی پی لوک سبھا الیکشن سے ہی خوش ہیں جبکہ ہم نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو بتایا ہے کہ ریاستی انتخابات بھی کسی تاخیر کے بغیر منعقد کئے جائیں''۔
رام مادھونے دعویٰ کیا کہ جب سے بھاجپا نے پی ڈی پی کی قیادت والی سرکار سے حمایت واپس لی تب سے کشمیر کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھاجپا کا دفعہ370اوردفعہ35اے کے بارے میںوہی پرانا مؤقف ہے اور اس میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی ہے۔
رام مادھو نے نیشنل اور کانگریس کے انتخابی گٹھ جوڑ کو ''ڈرامہ'' قرار دیا۔