نئی دہلی //بھارت نے جیش محمد کیخلاف ڈوزیئر کے پاکستانی جواب پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔بھارت نے کہا ہے کہ اسلام آباد سرحد پار دہشت گردی کے معاملے میں لگاتار انکار کرتا آرہا ہے۔وزارت خارجہ ترجمان رویش کمار نے کہا ہے ’’ تفصیل کیساتھ جیش محمد کے ملوث ہونے،دہشت گرد کیمپ موجود ہونے اور دہشت گرد لیڈران کی موجودگی کے ڈوزیئر کے پاکستانی جواب پربھارت کو انتہائی مایوسی ہوئی ہے‘‘۔افسوس کیساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ پاکستان ہر وقت انکاری رہا ہے حتیٰ کہ پلوامہ واقعہ کو دہشت گردی تسلیم کرنے سے بھی عاری ہے۔ انہوں نے کہا ’’ بھارت حیران نہیں ہوا،کیونکہ ماضی میں بھی پاکستان کا رویہ ایسا ہی رہا ہے‘‘۔کمار نے کہا کہ پاکستانی جواب کا جائزہ لیا جارہا ہے، لیکن پاکستان کی طرف سے کوئی کارروائی کرنے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے، کہ دہشت گرد گروپوں کیخلاف کوئی اقدام کیا گیا ہے۔کمار نے کہا کہ یہ کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں کہ مسعود اظہر اور جیش محمد کو اقوام متحدہ نے دہشت گرد قرار دیا ہے، جو پاکستان میں موجود ہے۔