سرینگر/جنوبی کشمیر میں شوپیان ضلع کے رتنی پورہ گائوں میں دوران شب فورسز نے تلاشی آپریشن عمل میں لایا جس کے دوران فورسز اہلکاروں نے مبینہ طور لوگوں کی مارپیٹ کی اور جائداد کو نقصان پہنچایا۔
رتنی پورہ کے باشندوں نے کہا کہ34آر آر سے وابستہ فوجی اہلکاروں نے نصف شب کے دوران گائوں کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی شروع کی۔
انہوں نے الزام عاید کرتے ہوئے کہا کہ فوجی اہلکاروں نے تلاشیوں کی آڑ میں مکینوں کی مار پیٹ کی ،کھڑکیوں کے شیشے توڑے اور کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
فوجی اہلکاروں نے مبینہ طور متعدد شہریوں کے موبائیل فون بھی توڑ ڈالے تاہم فوج نے ان الزامات کی تردید کی۔
سرینگر میں مقیم فوج کے ترجمان راجیش کالیا نے کہا '' فوج پر یہ الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کا مقصد فوج کو بدنام کرنا ہے''۔