بانہال //جموں سرینگرشاہراہ پر بانہال کے نزدیک ٹھٹھاڑ علاقے میں فورسز کانوائے کی ایک گاڑی کے قریب ایک پرائیویٹ کار میں دھماکہ ہوا اور گاڑی خاکستر ہوئی،تاہم ڈرائیور فرار ہوا۔واقعہ کی تحقیقات کرنے کیلئے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ٹیم نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور نمونے حاصل کئے۔دھماکے کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت قریب پانچ گھنٹوں تک معطل رہی۔دریں اثناء پولیس کا کہنا ہے کہ کار کے مالک کا پتہ لگایا گیا ہے۔اگرچہ یہ واقعہ سنیچر کی صبح ساڑھے دس کے قریب پیش آیا لیکن پولیس اس بارے میں مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ واقعہ اس طرح بیان کیا جارہا ہے کہ وادی کشمیر سے جموں کی طرف آنے والی ایک سی آر پی ایف کانوائے کی ایک گاڑی کے پیچھے سینٹرو کار میں دھماکہ ہوا اور فورسز گاڑی کو معمولی نقصان ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں تباہ ہوئی سینٹروگاڑی سے ایک IED ، بوری میں کھاد ملے پتھر، SuperPower 90 نامی ایک بارودی چھڑی ، نو وولٹ کی ایک چھوٹی بیٹری اور ایک بھرا ہوا کمرشل گیس سلنڈر بھی برآمد کیا گیا ہے جبکہ ایک گیس سلنڈر تباہ ہوچکا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یہ گیس سلنڈر دھماکہ تھا تاہم اسکی تحقیقات جاری ہے۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ این آئی اے کی ایک ٹیم یہاں پہنچ گئی اور اس نے جائے حادثہ سے تمام ثبوت محفوظ کر لئے ۔اس بارے میں گورنر کا کہنا تھا’’ ابھی اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ یہ حملہ تھا یا نہیں،یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ گاڑی میں آگ کیوں لگی‘‘۔انہوں نے کہا کہ دھماکہ خیز مواد کی موجودگی نہیں ہے، ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔