سرینگر/بھارت اور پاکستان کی افواج کے درمیان سوموار کو پونچھ ضلع میں کنٹرول لائن پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوگیا۔ کراس ایل او سی فائرنگ کو مد نظر رکھتے ہوئے کنٹرول لائن کے نزدیک پڑنے والے سکول بند کردئے گئے ہیں۔
ایک فوجی ترجمان کے مطابق پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی شروعات کی۔ یہ واقعات پونچھ کے شاہپور اور کیرنی علاقوں میں آج صبح پیش آئے۔پاکستانی افواج نے مارٹر شیلنگ بھی کی۔
دفاعی ترجمان کے مطابق پاکستانی فائرنگ اور شیلنگ کا ''بھرپور'' جواب دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کراس ایل او سی شیلنگ کے نتیجے میں محمد شریف نامی ایک شہری زخمی ہوگیا جس کو ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا گیا ہے۔
دریں اثناء حکام نے ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن کے نزدیک پڑنے والے سبھی سکول دن بھر کیلئے بند کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
اس سلسلے میں ضلع کمشنر کے دفتر سے باضابطہ حکمنامہ جاری کیا گیا ہے۔