سرینگر /آئی جی کشمیر ایس پی پانی نے جمعرات کووسطی ضلع بڈگام کا دورہ کیا اور وہاں میٹنگ کے دوران حفاظتی صورتحال اور الیکشن تیاریوں کا جائزہ لیا۔
آئی جی کشمیر کے ہمراہ ڈی آئی جی سینٹرل ودھی کمار بردی اور ایس پی بڈگام آمود ناگپوری بھی موجود رہے۔
پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے لوک سبھا انتخابات کے سلسلے میں وسطی ضلع بڈگام میں کی جانے والی تیاریوں کا بھر پور جائزہ لیا۔
آئی جی کشمیر نے آفیسران سے تاکید کی کہ وہ نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کریں اورمحنت ، لگن اور تن دہی کے ساتھ اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کی سعی کریں ۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج نے آفیسران سے تلقین کی کہ زمینی سطح پرجو اہلکار اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ان کے ساتھ قریبی تعلقات اور باہمی روابط مستحکم کئے جائیں تاکہ آنے والے پارلیمانی انتخابات کیلئے سازگار اور پر امن ماحول کو یقینی بنایا جاسکے۔