سرینگر// وادی میںسیاسی کارکنوں کی ’’بلا جواز گرفتاریوں‘‘ پر انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن نے صوبائی کمشنر کشمیر کو4ہفتوں کے اندر مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔انسانی حقوق کے مقامی کمیشن کے سربراہ جسٹس(ر) بلال نازکی نے صوبائی کمشنر کشمیر کے نام نوٹس اجراء کرتے ہوئے انہیں کشمیر میں سیاسی کارکنوں کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ4ہفتوں کے اندر پیش کرنے کی ہدایت دی۔کمیشن کے چیئرمین جسٹس(ر) بلال نازکی کی طرف سے یہ نوٹس،بشری پاسداری کارکن اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نی طرف سے کمیشن میں پیش کی ایک عرضی زیر نمبر SHRC /90/2019محرر29مارچ2019کے جواب میں اجرا کی گئی۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں گزشتہ3ماہ سے کئی سیاسی کارکنوں کو ،چند جماعتوں پر پابندی عائد کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا۔عرضی میں کہا گیا’’ معصوم شہریوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ریاست کے مختلف جیلوں ،بالخصوصی وادی کے باہر مقید رکھا گیا‘‘۔اونتو نے اپنی عرضی میں کہا ہے کہ حکام بشمول پولیس مہذب لوگوں کے آواز کو بند نہیں کرسکتی،جبکہ آئین کے تحت شہریوں کو کچھ بنیادی حقوق دئے گئے ہیں،اور ان میں ایک حق ،حق زندگی ہے۔