سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام لگایا ہے کہ وہ بالا کوٹ فضائی حملوں اور پاکستانی ایف 16طیارہ گرانے کے بارے میں ملک کو جھوٹ بتارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا سرکار نے اس لئے فضائی حملہ کرایا کیونکہ نریندر مودی اپنے وعدوں پر عمل در آمد کرنے میں ناکام ہوئے تھے۔انہوں نے بو گام چاڑورہ اور فقیر گجری میں چناوی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے آخری دنوں میں مودی کا چہرہ اترا ہوا تھا کیونکہ اسے اپنی ہار صاف نطر آرہی تھی، اور تبھی کچھ اراکین نے انہیں بتایا کہ ووٹ حاصل کرنے کیلئے مودی پاکستان میں حملہ کراسکتا ہے۔انہوں نے کہا’’ حکومت نے دعویٰ کیا کہ بہت سارے ملی ٹینٹ بالاکوٹ میں مارے گئے لیکن مصدقہ طور پر کچھ صاف نہیں‘‘۔انکا کہنا تھا’’ کچھ لوگوں نے کہا کہ 500تو کچھ کہہ رہے تھے کہ 700ملی ٹینٹ مارے گئے‘‘۔امریکی رپورٹ پر فاروق عبداللہ نے وزیر اعظم سے پوچھا ’’وہ کیوں لوگوں سے جھوٹ بول رہے تھے‘‘۔فاروق نے کہا’’ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانی طیارہ مار گرایا، اب امریکہ نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان میں سارے طیارے گن لئے ہیں، کسی کو نہیں گرایا گیا ہے،جھوٹ کی کوئی بنیاد ہوتی ہے مودی جی، آپ لوگوں سے کب تک جھوٹ بولتے رہو گے؟ کیوں اتنا جھوٹ بولتے ہو؟‘، کیا آپ نے لڑائی جیت لی،کیا پاکستان ختم ہوگیا ہے؟،آپ کیوں جھوٹ بولتے ہیں،کیا آپ یہ سمجھ رہے ہیں کہ ہندو یقین کریں گے‘‘۔فاروق نے کہا’’ ہم یہ برداشت نہیں کرسکتے کہ ہر دن موٹ رقصاں ہو‘‘۔شاہراہ کی بندش پر انہوں نے کہا کہ کرگل جنگ کے دوران بھی شاہراہ بند نہیں کی گئی،کیا ہم جنگ کے ماحول میں ہیں کہ شاہراہ دو دن کیلئے بند کی گئی،کیا ہم غلام ہیں، کیا جموں و کشمیر ایک نوآبادیاتی حصہ ہے،ہم کبھی غلام نہیں تھے، نہ رہیں گے،ہم نے 1947میں بہت ساری باتوں کو الوداع کیا تھا، آپ ہمیں دھمکیاں نہ دیں، آپ خدا نہیں ہیں۔‘‘ڈاکٹر فاروق نے کہاہے کہ وزیر اعظم مودی کے فریبی نعرے ’سب کا ساتھ ، سب کا وکاس‘ میں کشمیریوں کیلئے کوئی جگہ نہیں تھی اور بھاجپا حکومت کے قیام کے بعد عوام کے مصائب و مشکلات میں بے تحاشہ اضافے سے وکاس کا نعرہ بھی کھوکھلا ثابت ہوا۔انکا کہنا تھا کہ آج ہندوستان مکمل طور پر فرقہ پرستوں کی لپیٹ میں ہے۔ مودی اور امت شاہ ہمیں غلام بنانا چاہتے ہیں لیکن یہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے۔ ہم نے غلامی اور ناانصافی کیخلاف لڑا ہے اور ہم آگے بھی گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے ہٹلر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ، 90کے پُرآشوب دور سے لیکر کرگل جنگ تک یہاں کوئی سڑک بند نہیں ہوئی لیکن آج یہاںشاہراہ بند کرنے کے تاناشاہی پر مبنی احکامات جاری کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ جو بھی نئی سرکار جو آئے گی اُس کو پاکستان کیساتھ ضروری بات کرنی ہوگی کیونکہ اس کے بغیر امن کا قیام نہیں لایا جاسکتا۔