سرینگر/ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اورجموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے سوموار کو اُمید ظاہر کی کہ روزنامہ گریٹر کشمیر کو دھمکی آمیز فون کالز ملنے کا معاملہ پولیس فوری تحقیقات کے ذریعے حل کرے گا ۔
عمر نے اس اُمید کا اظہار اپنی ایک ٹویٹ میں کیا۔
ادھر پی ڈی پی لیڈر فردوس ٹاک نے بھی گریٹر کشمیر کو ملنے والی دھمکی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ اتوار کو گریٹر کشمیر کے جموں بیورو کو نامعلوم نمبر سے کئی دھمکی آمیز فون آئے جن میں فون کرنے والے نے دھمکی دی کہ وہ گریٹر کشمیر کے جملہ اسٹاف کو جان سے مارڈالے گا۔
فون کرنے والے نے کہا کہ وہ جموں اور سرینگر میں قائم گریٹر کشمیر کے دفتر وں کے اندر داخل ہوکر جملہ اسٹاف کو گولیوں سے مار ڈالے گا۔
ادارے نے اس سلسلے میں گاندھی نگر جموں کے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرلی ہے جہاں ایک دن میں دھمکی دینے والے شخص کی شناخت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔